دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر کی منظوری
مکرمی!ملک میں بڑھتی ہوئی آبی ضروریات اور بھارتی آبی جارحیت کے پیش نظر آبی ذخائر میں اضافہ ہنگامی طور پر ضروری ہو گیا ہے۔ آبی ذخائر کی تعمیر کے لئے متعدد منصوبوں پر کا م جاری ہے اسی سلسلے میں مشترکہ مفادات کو نسل نے2009میں بھاشا ڈیم کی تعمیر کی منظوری دے دی تھی۔گزشتہ روز وزیر اعظم پاکستان نے آئندہ سال کے آخر تک دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر ہر صورت شروع کرنے کا حکم دیا اس کے ساتھ ہی انھوں نے اس ڈیم کے فنانسنگ پلان کی اصولی منظوری دے دی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ایک اور قابل ستائش امر اس سلسلے میں یہ ہے کہ وزارت پانی و بجلی نے ڈیم کو اپنے وسائل سے مکمل کرنے کی تجویز دی ہے اسکے مطابق ڈیم کی تعمیر کے لئے ملکی وغیر ملکی اداروں سے قرضہ نہیں لیا جائے گا۔ تجویز کے مطابق پراجیکٹ کے ڈیم پورشن کی فنڈنگ پی ایس پی ڈی اور واپڈا کے وسائل سے کی جائے گی۔جبکہ پاور پورشن کے لئے فنڈز کا انتظام وزارت تجارتی بنیادوں پر مودہ پراجیکٹس لیزنگ کے ذریعے کرے گی۔ زرعی ملک ہونے کی حیثیت سے اور موجودہ توانائی کا بحران اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہمیں اسی طرح آبی ذخائر کی تعمیر مستعدی سے جاری رکھنی چاہئے۔(محمد جمیل،دیو کلاں،لاہور)