قومی بلے باز اظہر علی اپنی ٹیم کی فتوحات کیلئے پرعزم
سڈنی(اے پی پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اظہر علی نے کہا ہے کہ وہ کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی کی بدولت اپنی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرینگے، انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ آسٹریلین ٹیم بھر پور فارم میں ہے اور اس کو اس کی سرزمین پر شکست دینا آسان نہیں تاہم انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانشہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 15 دسمبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔ اظہر علی نے اپنے بیان میں کہا وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے بے تاب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلا شبہ آسٹریلیا متوازن ٹیم ہے اور وہ سیریز جیتنے کیلئے ہر حربہ استعمال کرے گی اسلئے کھلاڑیوں کو بھرپور مقابلے کیلئے تیار ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کیلئے کھلاڑیوں پرعزم ہیں، تاہم انہوں نے کہا سیریز میں کامیابی کے لئے پوری ٹیم کو سرتوڑ کوشش کرنا ہوگی۔