پاکستان آرمی ہاکی ٹیم کا کولمبو میں پاکستان کے ہائی کمیشن کا دورہ

پاکستان آرمی ہاکی ٹیم کا کولمبو میں پاکستان کے ہائی کمیشن کا دورہ

  

 اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان آرمی ہاکی ٹیم نے بدھ کو سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمیشن کا دورہ کیا، کھلاڑیوں نے ہائی کمشنر آف پاکستان میجر جنرل (ر) سید شکیل حسین سے ملاقات بھی کی۔ بدھ کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان آرمی ہاکی ٹیم جو کہ آرمی ٹو آرمی سپورٹس ایکسچینج پروگرام کا حصہ ہے، سری لنکن آرمی کے ساتھ چار فرینڈلی ہاکی میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے 4 دسمبر کو سری لنکا پہنچی تھی۔ پاکستان آرمی ٹیم نے پہلے میچ میں سری لنکن آرمی کو شکست دے کر دورے کا فاتحانہ انداز میں آغاز کیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) سید شکیل حسین نے اس موقع پر کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مختلف شعبوں میں گہرے تعلقات ہیں جن میں کھیلوں کی سرگرمیاں بھی شامل ہیں اور دونوں ممالک مختلف کھیلوں کے ایونٹس میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہیں۔ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور گرین شرٹس کو ہر بڑا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے پہلے میچ میں پاکستان آرمی ٹیم کی کارکردگی کو سراہاتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ مستقل بنیادوں پر اس طرح کے دورے ہونے چاہییں، اس سے نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بھی مزید مستحکم ہوں گے۔ اس موقع پر پاکستان آرمی ہاکی ٹیم کے مینجر لیفٹیننٹ کرنل صدف اکرم نے پاکستانی ہائی کمشنر کو سری لنکن آرمی کی طرف سے والہانہ استقبال اور مہمان نوازی کے بارے آگاہ کیا جسے شکیل حسین نے خوب سراہا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -