حکومتی اراضی پر کھیلوں کے میدان آبادکرینگے:جہانگیر خانزادہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں زیر تعمیر 40سپورٹس جمنیزیمز کی جلد سے جلد تکمیل اور ان میں عالمی معیار کی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ،ہمارے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدانوں کی کمی کا سامنا ہے اس لئے میری بھرپور کوشش ہو گی کہ جہاں بھی حکومت کی اراضی موجود ہے وہاں نہ صرف کھیلوں کے میدان آباد کئے جائیں بلکہ ان میں مطلوبہ سہولیات بھی فراہم کی جائیں ۔ گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ وزیرا علیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل کو اس طرف راغب کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کروں گا اور اس کیلئے وزارت کا قلمدان ملنے کے فوری بعد سے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے ۔ میری کوشش ہے کہ حکومتی سطح پر یونین کونسل سے مرحلہ وار اضلاع کی سطح تک کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرایاجائے اور اس کے بعد بین الصوبائی مقابلوں کوبھی فروغ دیاجائے گا جس سے صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ اور تقویت حاصل ہو گی ۔ جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ صوبے میں زیر تعمیر 40سپورٹس جمنیزیم کی جلد سے جلد تکمیل اوران میں عالمی معیار کی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔
، ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے ہر ہفتے پیشرفت بارے بریفنگ لوں گا ۔ اس کے علاوہ میری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے میدان بنا کر انہیں آباد کیا جائے تاکہ ہم اپنی نوجوان نسل کو مختلف برائیوں سے بچا کر صحتمندانہ سر گرمیوں کی طرف راغب کر سکیں ۔