پاکستان کی تاریخ میں جنید جمشید کانام باقی رہے گا:فخر عالم
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)ادکار فخرعالم نے کہا ہے کہ دین کا راستہ اختیار کرنے کے بعد ہمیشہ سب کو نیکی کرنے کی تلقین کرتے تھے، پاکستان کی تاریخ میں جنیدجمشید کا نام باقی رہے گا۔
نجی ٹی وی سماءنیوز سے گفتگو کرتے ہوئے معروف اداکار فخر عالم کا کہنا تھا کہ میں نے دو جنید دیکھے ہیں پہلے والا بھی اور اب والا بھی لیکن ان دونوں جنید میں بہت فرق ہے،میری اور جنید کی اکثر ہی ملاقات ہواکرتی تھی کیونکہ جنید میرے پڑوسی تھے جب بھی ملاقات ہوتی تو مجھے لیکچر دیتے اور دین کی جانب راغب کرتے رہتے اور یہی نہیںانہوں نے جب سے دین کا راستہ اختیار کیا اس کے بعد سے ہی انہوں نے ہر کسی کو نیکی کرنے کی تلقین کرنا اپنی عادات میں شامل کرلیا تھا، میں انہیں اس بات پر تنگ کیا کرتا تھا کہ مولانا صاحب ہر وقت تبلیغ کرتے رہتے ہیں،میری اور جنید کی بہت یادیں ہیں جنہیں بیان کرنا بھی چاہوں تو شاید بیان نہ کرپاو¿ں گا۔
فخر عالم نے جنید جمشید کے ملی نغمے دل دل پاکستان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا گایا ہوا ملی نغمہ دل دل پاکستان تھا ، ہے اور ہمیشہ جنید کے نام سے رہے گا، ان کے علاوہ کوئی بھی آج تک اس گانے کو اس جیسا نہ گا سکا،دو ٹکے کے پارلیمنٹ میں بیٹھے سیاستدانوں کا نام رہے نہ رہے لیکن جنید جمشید،امجد صابری اورعبدالستار ایدھی کانام باقی رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنید نے جو صفائی مہم کراچی میں چلائی میں اس سے بہت متاثر ہوا ، انہوں نے مجھے بیرون ملک فون کرکے اس صفائی مہم میں شامل ہونے کی دعودت اور میں نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کےساتھ ہوں ،میں نے ان کے دل میںپاکستان کے لئے بڑھتی ہوئی محبت کو یکھا ہے،جب ہم دونوں بیرون ملک گئے تو ہر وقت ساتھ رہتے تھے کھانا ایک ساتھ کھاتے اس دوران جنید اسلامی تبلیغ سے ہٹ کر پاکستان کے مسائل بات کرتے ہوئے مایوس ہوجاتے ، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر کبھی ٹھیک تفتیش نہیں ہوتی سارا ملبہ پائلٹ پر ڈال کر معاملہ رفع دفع کر دیا جاتا ہے۔