علماء و مشائخ نے پاکستان بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا،عبدالحق اعوان

علماء و مشائخ نے پاکستان بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا،عبدالحق اعوان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان ملت پارٹی کے چیئرمین محمد عبدالحق اعوان نے کہا ہے علماء و مشائخ نے پاکستان بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ اب اس کے استحکام کے لئے بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کے لئے عملی جدوجہد کرنے والی سیاسی قوتوں کا ساتھ دیں۔ تاکہ 20 کروڑ عوام کو باریاں لگا کر لوٹنے والوں سے نجات مل سکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سندھ کی معروف خانقاہ بھرچونڈی شریف کے سجادہ نشین امیر مرکزی جماعت اہلسنت پیر محمد عبدالخالق (پیر آف بھرچونڈی شریف) سے ملاقات میں کیا


۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار اور قائداعظم کے عظیم الشان کردار کی روشنی میں پاکستان ایک فلاحی اور آئیڈیل اسلامی ریاست بنانے کے لئے قائم کیا گیا تھا۔مگر ایک سازش کے تحت سامراجی قوتیں اپنے ذاتی اور غیر ملکی مفادات کے لئے تمام وسائل پر قبضہ کئے بیٹھی ہیں۔ اور غریبوں کے بچے دودھ کے لئے ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور معاشی دہشت گردوں نے جنت جیسے خوبصورت ملک میں غریبوں کا جینا حرام کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں آٹا سے انصا ف تک ہر ایک چیز مہنگی ہو جائے وہاں انقلاب لازمی ہو جاتا ہے۔ اس لئے علماء و مشائخ اٹھ کھڑے ہوں اور نظام مصطفی کے انقلاب کے لئے پاکستان ملت پارٹی کے پلیٹ فارم سے پر امن جدوجہد کے لئے سرپرستی کریں۔ محمد عبدالحق اعوان نے برصغیر بالخصوص سندھ میں اشاعت اسلام کے لئے خانقاہ بھرچونڈی شریف کے شاندار کردار کو سراہا۔ اس موقع پر پیر آف بھرچونڈی شریف صاحبزادہ پیر محمد عبدالخالق نے اپنی گفتگو میں کہا کہ تشدد ٗ نفرت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے صوفیاء کرام اور مشائخ عظام کے مثالی کردار کو اپنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر دشمن للکار رہا ہے۔ ایسی صورتحال میں علماء و مشائخ خانقاہوں سے نکل کر رسم شبیری ادا کریں۔ انہوں پاکستان ملت پارٹی اور اس کی قیادت کے منشور کو عوام کی ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ملک کو پرامن اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے صوفیاء کرام کی تعلیمات کو تعلیمی نصاب میں شامل کرے۔