اعلان کردہ آئی ٹی پالیسی پر عوامی مشاورت مکمل کر لی گئی ہے، ڈاکٹر عمر سیف

اعلان کردہ آئی ٹی پالیسی پر عوامی مشاورت مکمل کر لی گئی ہے، ڈاکٹر عمر سیف

  

لاہور(نامہ نگار) وزیر اعلیٰ کے مشیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ، چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈو وائس چانسلر آئی ٹی یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے رواں سال اکتوبر میں اعلان کردہ آئی ٹی پالیسی پر عوامی مشاورت مکمل کر لی ہے۔انہوں نے کہا کہ پالیسی کا مسودہ ویب سائیٹ www.policy.pitb.gov.pkپر عوام کے لئے نشر کر کے 2دسمبر تک تجاویز مانگی گئی تھیں جس کے جواب میں لوگوں کی کافی تعداد نے اپنی تجاویز ہمیںآن لائن بھجوائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ ایک اہم موڑ ہے کہ پنجاب نے نہ صرف حکومتی امور میں شفافیت کو فروغ دیا ہے بلکہ حکومتی ترجیحات کے تعین کے لئے پالیسی سازی کے عمل میں شہریوں کو براہِ راست شامل بھی کیا ہے۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ہم نے خلوصِ نیت سے اس دستاویز کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا اور ان کی قیمتی آرا ء کو حتمی مسودے میں شامل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسودے کو آن لائن کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیک ہب کنیکٹ ٹیم نے بھی لاہور ، کراچی اور اسلام آباد کے ایک سو سے زائد صنعتی ،تجارتی، تعلیمی اورتدریسی ماہرین کے ساتھ مشاورتی اجلاس کیے ۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام آرا ء کی روشنی میں پنجاب آئی ٹی پالیسی کے مسودے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جس کے بعد آئندہ چندہفتوں میں اسے منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کو بھجوادیا جائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -