یاسین ملک کی کشمیری نوجوان پر چوتھی بار کالے قانو ن کے نفاذ کی مذمت
سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے مائسمہ کے غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری نوجوان عاشق احمد پر دوبارہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے نفاذ کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عاشق احمد پر چوتھی بار کالے قانون کے نفاذ کو انتظامیہ کی بوکھلاہٹ اور کشمیر دشمنی قراردیتے ہوئے کہاکہ کشمیری نوجوانوں کو جیلوں میں بند رکھنے کیلئے پے درپے کالے قانون کا نفاذ ہر لحاظ سے غیرقانونی اور غیر جمہوری ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔انہوں نے کہاکہ عاشق احمد طویل عرصے سے غیر قانونی طورپر جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں نظربند ہے اور حال ہی میں عدالت نے اسکی کالے قانون کے تحت نظربندی کالعدم قراردیکرکٹھ پتلی انتظامیہ کو رہائی کا حکم دیا تھا تاہم انتظامیہ نے اس پر چوتھی بار کالا قانون نافذ کر کے اسے نظربند کردیا ہے ۔