ترکی میں یونیورسٹی کے 14اساتذہ کو جیل بھیج دیا گیا
انقرہ (اے پی پی) ترک یونیورسٹی کے چودہ اساتذہ کو فرد جرم عائد کرنے کے بعد جیل بھیج دیا گیا ہے۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق، فتح اللہ گولن کی تنظیم سے تعلق رکھنے کے الزام میں ییلدیز ٹیکنکل یونیورسٹی کے 30 اساتذہ کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں سے 14 پرفرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق ترک پولیس نے مختلف صوبوں میں چھاپے مار کر فتح اللہ گولن کی تنظیم سے تعلق رکھنے والے 8 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ترکی کی ایک عدالت نے شمدینلی شہر کے میئر کو بھی فرد جرم سنانے کے بعد جیل بھیج دیا ہے۔ ان پر کردوں کی حامی جماعت پی کے کے کی حمایت کا الزام ہے۔ انہیں گزشتہ دنوں حکاری صوبے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ترکی میں 15 جولائی کو ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے فوج، عدلیہ ، پولیس، محکمہ تعلیم اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے ہزاروں ملازمین کو برطرف، معطل اور گرفتار کیا جاچکا ہے۔ ترک حکومت نے ملک میں 15 جولائی کو ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کا الزام امریکی ریاست پینسلوانیہ میں مقیم خدمت تحریک کے رہنما فتح اللہ گولن پرعائد کیا ہے جسے انہوں نے سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے۔