بیٹے کو کار میں قتل کرنے والے امریکی والد کو عمر قید

بیٹے کو کار میں قتل کرنے والے امریکی والد کو عمر قید

  

واشنگٹن(این این آئی)امریکہ میں ایک والد کو اپنے بیٹے کو انتہائی گرم موسم میں کار میں بند کر کے قتل کرنے جرم میں عمر قید کی سزا سنادی گئی۔36 سالہ جسٹن راس ہیرس کے بیٹے کی جون سنہ 2014 میں ایک کار پارک میں کھڑی کار میں موت واقع ہوگئی تھی۔جسٹن نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ وہ غلطی سے اپنے بیٹے کو کار میں بھول گئے تھے اور ان کا خیال تھا کہ وہ اسے نرسری میں چھوڑ آئے ہیں۔لیکن ان کے مقدمے میں یہ بات سامنے آئی کہ جب ان کا بیٹا کار میں گرمی سے مر رہا تھا تو وہ اپنے فون سے کم عمر لڑکیوں کو فحش پیغامات بھیج رہے تھے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جسٹن کو سزا سناتے ہوئے جج کا کہنا تھا کہ’یہ ایک ہولناک جرم تھا۔‘ جج کا مزید کہنا تھا کہ ملزم نے سنگدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرمی میں اپنے بیٹے کو مرنے کے لیے کار میں چھوڑ دیا۔اس موقعے پر عدالت میں موجود مجرم نے کسی قسم کا ردِعمل نہیں ظاہر کیا۔استغاثہ کا موقف تھا کہ ملزم اپنے خاندان کو چھوڑ کر دیگر خواتین سے معاشقے چلانا چاہتا تھا اور اسی لیے اس نے اپنے بیٹے کو مارنے کا منصوبہ بنایا۔دوسری جانب مجرم کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ جسٹن اپنے بیٹے سے بہت محبت کرتے تھے، وہ اس کی موت کے تو ذمہ دار ہیں لیکن یہ ایک غلطی کا نتیجہ تھا۔

مزید :

عالمی منظر -