پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ فصل ربیع کیلئے چھوٹے کاشتکاروں میں 2500 ملین کے قرضے جاری کریگا
لاہور (پ ر) پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ فصل ربیع 2016-17ء کیلئے کوآپریٹو سوسائٹیز کے ذریعے چھوٹے کاشتکاروں میں 31 دسمبر 2016ء تک 2500 ملین روپے کے قرضہ جات جاری کر رہا ہے۔ اس کا اظہار صدر / چیف ایگزیکٹو آفیسر بینک محمد ایوب نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بینک اس وقت مذکورہ فصل کیلئے قرضہ جات کے اجراء کے ساتھ ساتھ فصل خریف 2016ء کی وصولی بھی کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ بینک نے فصل خریف 2016ء کیلئے 1722.239 ملین روپے کے قرضہ جات جاری کیے تھے۔ علاوہ ازیں بینک نے غیر فعال قرضہ جات کی مد میں یکم جولائی 2016ء سے 5 دسمبر 2016ء تک 435 ملین روپے کی وصولی بھی کی ہے۔ صدر بینک نے سٹاف کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ قرضہ جات کے اجراء اور وصولی کے کام کو مقرر کردہ ہدف کے مطابق مکمل کریں۔