کراچی صفائی مہم میں میئر وسیم اختر کے ساتھ کھڑے ہیں ،تاجرالائنس
کراچی( آن لائن )کراچی تاجر الائنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایاز میمن موتی والا نے کہاہے کہ کسی ایک علاقے کی نہیں پورے کراچی میں بلدیاتی نظام میں بہتر ی لانے کی ضرورت ہے ۔سو روزہ صفائی مہم مسئلے کا حل نہیں ہے بلکہ جب تک شہر قائد کو مکمل طورپر گندگی سے پاک نہیں کردیا جاتا جب تک یہ مشن جاری رکھنا چاہیے اور اس سلسلے میں شہر یوں ،سول سوسائٹی کے لوگوں سمیت ہماری پوری تاجر برادری ہی میئر کراچی وسیم اختر کے ساتھ کھڑی ہے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈیفنس آفس میں تاجر برادری کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا ،انہوں نے کہاکہ کراچی شہر کو دہشت گردوں نے کہیں کا نہ چھوڑا ہے اس پر انتظامیہ کی لاپرواہی نے بھی اس شہر کی ساکھ کو خراب کیا ہے، کراچی میں اداروں کے پاس ضروری آلات نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ حکومت کو فنڈ دینا چاہیے ،صفائی ستھرائی کے لیے موجود مشینریاں ناکارہ ہیں ،ایاز موتی والا نے کہاکہ حکومت ساتھ نہ کھڑی ہوئی تو بلدیاتی اداروں کی کوشش کسی کام کی نہیں ۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی محکمے بغیر اختیارات اور فنڈکے اس شہر قائد کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کرسکیں گے ،اگر بلدیاتی اداروں کی باگ ڈور پیپلزپارٹی کے نمائندوں کے پاس آجاتی تو کیا صوبائی حکومت ان کے بھی اختیارات اورترقیاتی فنڈ کو روک لیتی ؟۔
اس کے لیے ہم سمجھتے ہیں کہ شہر قائد کسی ایک جماعت کا نہیں ہے بلکہ اس میں ڈھائی کروڑ عوام کے حق ہے ۔
یہ کراچی پورے پاکستان کی عوام کا ہے اس میں جس انداز میں سیاست کی جارہی ہے اس کا نقصان کسی جماعت کو نہیں بلکہ اس شہر کی کروڑوں عوام اور خود شہر کو اٹھانا پڑرہاہے ۔