ایف ایٹ مرکز ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد کا اسلام آباد چیمبر کا دورہ

ایف ایٹ مرکز ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد کا اسلام آباد چیمبر کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی) ایف ایٹ مرکز ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے صدر سردار طاہر محمود کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ اپنی مارکیٹ کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف ایٹ مرکز میں ضلعی عدالتوں کا وجود کاروباری سرگرمیوں کیلئے بہت مشکلات کا باعث ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیمبر عدالتوں کو اس تجارتی مرکز سے باہر منتقل کرانے میں تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی دکانوں کے سامنے وکلا کے کھوکوں کی وجہ سے گاہگوں کو مسائل کا سامنا ہے جبکہ غیر قانونی تعمیرات سے کاروباری سرگرمیوں کو بھی نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا اس سلسلے میں اسلام آباد بار ایسوایشن بھی ہمارے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے مصروف ترین تجارتی مرکز میں عدالتوں کا وجود نہ صرف ججوں اور وکلا کی قیمتی زندگیوں کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے بلکہ ان کی موجودگی سے کاروباری سرگرمیاں بھی کافی متاثر ہو رہی ہیں اور علاقے کے رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی بلڈنگ کو جلد مکمل کیا جائے کیونکہ جب تک مذکورہ عمارت مکمل نہیں ہوتی عدالتوں کو ایف ایٹ سے منتقل کرنا مشکل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کرایہ داری کی عدم موجودگی کی وجہ سے بھی تاجروں کو مشکلات درپیش ہیں کیونکہ کرایہ داری کے تنازعات دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں جس وجہ سے تاجر اپنے کاروبار ی مستقبل کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ جلد اسلام آباد میں ایک متوازن قانون کرایہ داری کا نفاذ یقینی بنائے۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ ایف ایٹ مرکز اسلام آباد کا ایک بڑا تجارتی مرکز ہے جہاں عوام کا ہر وقت رش ہوتا ہے لہذا یہ کاروباری ایریا سیکورٹی کے نقطہ نظر سے عدالتوں کیلئے موضوع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی ایف ایٹ میں دہشت گردی کے واقعات کی وجہ سے بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی بہت نقصان پہنچا لہذا ان حالات میں عدالتوں کو یہاں سے منتقل کرنا اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ایٹ میں ضلعی عدالتوں کی وجہ سے علاقے کے رہائشیوں کو بھی متعدد مسائل کا سامنا کرنا ہے لہذا وقت کا تقاضا ہے کہ عدالتوں کو جلد سے جلد یہاں سے منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف کمیشنر اور ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد کے دفاتر کو ایف ایٹ سے جی الیون فور منتقل کر کے حکومت نے ایک قابل ستائش اقدام کیا ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ انتظامیہ کے باقی دفاتر اور عدالتوں کو بھی کسی محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک، نائب صدر طاہر ایوب، میاں اکرم فرید، محمد اعجاز عباسی، خالد چوہدری، بشیر اسماعیل، بشیر مغوٹ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

کامرس -