دُہرے قتل کے ملزموں کی عدم گرفتاری پرورثاکاپولیس پر کاالزام
لاہور(وقائع نگار)شادباغ میں دہرے قتل کے ملزمان کو پولیس تاحال گرفتار نہ کر سکی جبکہ پولیس ملزمان سے مبینہ ساز باز کر کے مدعیوں پر صلح کے لئے دباؤ ڈالنے لگی۔تفصیلات کے مطابق شادباغ کے علاقہ میں 16نومبر کو ساجد علی بٹ اور ان کی والدہ ریحانہ بی بی کو قیصر عرف بابو بٹ اور عرفان نامی ملزمان نے قتل کر دیا تھا جس کا مقدمہ درج کرکے تفتیش لاری اڈہ تھانہ میں انویسٹی گیشن آفیسر سب انسپکٹر سخاوت علی کو سونپی گئی تھی ۔نمائندہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے مقتولین کے ورثا کا کہنا ہے کہ پولیس نے ملزمان سے مبینہ ساز باز کر لی ہے اور صلح کے لئے دباؤ ڈال رہے ہیں جبکہ بار بار پولیس کو شکایات کرنے کے باوجود پولیس نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا رہا ۔سب انسپکٹر سخاوت علی کے مطابق الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے ملزمان کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے جلد ہی اصل حقائق سامنے آ جائیں گے۔