بھارت کے سابق آرمی چیفس نے مودی سرکار کو پاکستان پر حملے کا مشورہ دیدیا
نئی دہلی (آئی این پی ) بھارت کے سابق آرمی چیفس نے مودی سرکار کو پاکستان پر حملے کا مشورہ دیدیا ۔بھارتی میڈیاکے مطابق دوسابق آرمی چیفس جنرل (ر) بکرم سنگھ اور جنرل (ر) وی پی ملک کا کہنا ہے کہ بھارت کو پاکستان میں شدت پسندوں کو ٹارگٹ کرنے اور پاکستانی فوج پر سخت حملے کرنے کیلئے خفیہ آپریشن کرنا چاہئے ۔ایک ٹی وی پروگرا م میں گفتگو کرتے ہوئے جنرل بکرم سنگھ نے کہا کہ بھارت کو بلوچستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں فالٹ لائنز کو توڑ دینا چاہئے تاکہ پاکستانی فوج کو اندرونی معاملات پر توجہ دینے پر مجبور کیا جائے اور وہ بیرونی خطرات کو بھول جائے جبکہ جنرل وی پی ملک کا کہنا تھا کہ اب تک ہم نے دفاعی آپریشنز کئے ہیں اور ہمیں جارحانہ کارروائیاں کرنی چاہئے۔