وفاق کی مردم شماری 15مارچ سے شروع کرانے کی یقین دہانی ،سپریم کورٹ نے معاملہ نمٹا دیا

وفاق کی مردم شماری 15مارچ سے شروع کرانے کی یقین دہانی ،سپریم کورٹ نے معاملہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے این این) وفاقی حکومت نے مردم شماری 15مارچ سے شروع کرانے کی سپریم کورٹ کو تحریری یقین دہانی کرادی۔ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ حکومت نے اپنی یقین دہانی پر من و عن عمل درآمد نہ کیا تو توہین عدالت کی مرتکب ہوگی ۔بدھ کوسپریم کورٹ میں مردم شماری میں تاخیر سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس انورظہیرجمالی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی جس میں وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت 15مارچ 2017سے مردم شماری کا عمل شروع کر دے گی ۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کوبتایا کہ مردم شماری 15مارچ سے شروع ہوکر دو ماہ میں مکمل کرلی جائے گی۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس انورظہیرجمالی نے ریمارکس دئیے کہ امید ہے حکومت اپنی یقین دہانی پر عمل درآمد کرائے گی، عمل درآمد نہ کرنے کے سنگین نتائج مرتب ہوں گے ۔ حکومت نے اپنی دی گئی یقین دہانی پر من و عن عملدرآمد نہ کیا تو توہین عدالت کی مرتکب ہوگی ۔گزشتہ سماعت پرسپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کوہدایت کی تھی حکومت آئندہ سماعت تک یہ بتائے کہ مردم شماری کب کرائیگی ، حکومت کی طرف سے جواب نہ آنے پروزیراعظم کوطلب کیاجائیگا ۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی طرف سے تحریری یقین دہانی کے بعد سپریم کورٹ نے مردم شماری ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا ۔
مردم شماری

مزید :

علاقائی -