آئندہ عام انتخابات وقت سے پہلے 2017میں ہوں گے :بلاول بھٹو
لاہور(نمائندہ خصوصی) چےئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دعوی کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات وقت سے پہلے 2017میں ہوں گے اور پیپلز پارٹی ان انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے ملک بھر میں حکومت بنائے گی ‘عدلیہ نے ہمارے لئے اور دوسروں کے لئے دوہرے قانون بنا رکھے ہیں جو قانون ہمارے وزیراعظم کے خلاف استعمال کیا گیا تھا وہ پانامہ لیکس والے وزیراعظم کے خلاف کیوں نہیں کیا جارہا اگر آج پی پی کا وزیر اعظم ہوتا تو اسے پھانسی پر لٹکا دیا جاتا ہمیں انتخابات میں فئیر لیول پلینگ نہیں دیا گیا تھا میں نے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کی حکمت عملی بنا لی ہے لیکن ابھی آپ کے ساتھ عمران خان کی طرح شئیر نہیں کر سکتا وقت آنے پر بتاؤں گا اپوزیشن کا اتحاد بنانے کی پہلے بھی کوشش کی تھی اب بھی کروں گا اگر جہلم کے ضمنی الیکشن میں عمران خان ہمارے امیدوار کو نہ چراتے اور ہم دونوں جماعتیں ملکر الیکشن لڑتیں تو آج سوچیں نواز لیگ کو شکست ہو چکی ہوتی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے بیٹ رپورٹرز کے ساتھ ملاقات کے دوران پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سنئیر مشیر چئیرمین بشیر ریاض‘ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ ‘ جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن‘ سیکرٹری اطلاعات مصطفی نواز کھوکھر‘ چودھری منظور احمد‘ فیصل میر ‘ محمدنوید چودھری‘ جمیل سومرو‘ عابد حسین صدیقی ‘ واجد علی شاہ ‘ خرم فاروق اور چودھری مونر انجم سمیت دیگر بھی موجود تھے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر 27دسمبر تک ہمارے4مطالبات نہ مانے گئے تو اسی دن لانگ مارچ کا اعلان کروں گا، جب کہ2017میں انتخابات اور اس کے نتیجے میں ہی پیپلزپارٹی کی حکومت دیکھ رہا ہوں میں عام سیاست دان نہیں بلکہ شہید کا بیٹا ہوں اور ہمیں آج تک انصاف نہیں ملا تاہم دہشتگردی کے نام پر سیاست نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پروگریسو الائنس بناؤں گا تاہم دہشتگردی کے خلاف کاز اور مشن یکساں ہونے پر سب کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں، بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی جماعت اور چاروں صوبوں کی زنجیر ہے، یہ ماؤں کی جماعت ہے لیکن ہمیشہ ہم پر ظلم کیا گیا اور راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ باہمی مشاورت سے پارٹی کی تنظیم بنا رہا ہوں اور بہت جلد جعلی حکمرانوں کا صفایا کر دیں گے۔ انہوں نے کہا ہم پارلیمنٹ کی بالادستی کو مقدم سمجھتے ہیں اور حکمرانوں کا جمہوری احتساب چاہتے ہیں غیر جمہوری رویوں کو پروان چڑھانے سے ملک کو ہی نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ حکمرانوں کو ٹف ٹائم دینے کے لئے جنوری سے لاہور کا شہری بن کر یہیں رہیں گے اور سیاست کریں گے آپ کو پتہ ہونا چاہئے کہ جب بھٹو کا بیٹا اور پیپلز پارٹی لاہور بیٹھے گا تو پھر کیا منظر ہو گا اب لاہور صرف آنا جانا نہیں بلکہ ادھر ہی ڈیرہ لگانا ہے ۔
بلاول بھٹو