’’ مے ڈے، ،،مے ڈے‘‘ طیارے کے انجن میں خرابی پیدا ہوئی ہے، پائلٹ کا آخری پیغام
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کا چترال سے اسلام آباد آنے والا طیارہ تباہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور اب پائلٹ کی جانب سے کنٹرول ٹاور کو بھیجے جانے والے آخری پیغام کی تفصیلات بھی سامنے آ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق چترال سے اسلام آباد آنے والے پی کے 661 کو کیپٹن صالح یار جنجوعہ اور کو پائلٹ احمد جنجوعہ آپریٹ کر رہے تھے جبکہ ایک ٹرینی پائلٹ بھی سوار تھے۔ سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے ساتھ آخری رابطہ حویلیاں کے قریب ہوا جس دوران پائلٹ کی جانب سے’’مے ڈے‘‘ کال دی گئی اور پیغام بھیجا گیا کہ طیارے کے نجن میں خرابی پیدا ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کنٹرول ٹاور کو پائلٹ کا پیغام ملنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا اور ریڈار سے بھی غائب ہو گیا۔واضح رہے کہ ابتدائی طور پر طیارے کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم اس کے کچھ ہی دیر بعد حویلیاں میں طیارے کے گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہونے لگیں۔ ماہرین کے مطابق کسی بھی طیارے کے پائلٹ کی جانب سے ’’مے ڈے‘‘ کال دینے کا مطلب ہوتا ہے کہ طیارہ انتہائی سنگین صورتحال سے دوچار ہے