تباہ ہونیوالاطیارہ اڑنے کے قابل نہیں تھا،پائلٹ کی بہن کا انکشاف
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) پی آئی اے کے طیارے پی کے 661 کو حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں معروف مذہبی رہنما جنید جمشید سمیت تمام افراد جاں بحق ہوگئے ہیں تاہم اب ایک پائلٹ کی بہن نے انتہائی اہم انکشاف کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق طیارہ حادثے کے بعد بہت سے لوگوں کی جانب سے اعتراضات اٹھائے جارہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ یہ طیارہ اڑنے کے قابل ہی نہیں تھاجبکہ تائیوان میں اس طیارے پر پابندی بھی عائد کی جاچکی ہے۔ ایسے افسردگی کے ماحول میں اب ایک پائلٹ کی بہن بھی منظر عام پر آگئی ہے اور اس نے دعویٰ کیا ہے کہ جس طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے وہ اڑنے کے قابل ہی نہیں تھا۔سارہ نامی ایک لڑکی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ اس کا بھائی بھی پی آئی اے کا ہی ایک پائلٹ ہے اور اس نے کچھ روز پہلے تباہ ہونیوالے پی آئی اے کے طیارے اے آرٹی 42 کو اڑایا تھا۔اس کے بھائی نے حادثہ پیش آنے کے بعد بتایا کہ اس طیارے کی حالت بہت ہی خراب تھی اور وہ اڑنے کے قابل ہی نہیں تھا۔