امیدواروں کے انٹرویو زکا ریکاڈ نہ رکھنے والے افسران کیخلاف مقدمات درج کرنے کی درخواست پرعدالتی معاونین طلب
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے ہومیو پیتھک ڈاکٹروں کی میرٹ کے برعکس تعیناتیوں کے خلاف دائر درخواست پرامیدواروں کے انٹرویو کا ریکاڈ نہ رکھنے والے افسران کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کے حوالے سے عدالتی معاونین کو طلب کر تے ہوئے کیس کی مزید سماعت 15دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔جسٹس محمد قاسم خان نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار صائمہ بی بی نے موقف اختیار کیا کہ گریڈ 15کے لئے ہومیو پیتھک ڈاکٹروں کی سیٹوں پر 104امیدواروں کے انٹرویو کئے گئے مگر انٹرویو کمیٹی نے امیدواروں کو دئے گئے نمبروں کا ریکارڈ مرتب نہیں کیا۔ عدالتی معاون ملک اویس خالد ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ محکمہ صحت نے آئین کے آرٹیکل 4 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعیناتی کے لئے معیار مقرر نہیں کیاہے جس پر عدالت نے کہا کہ معیار مقرر نہ کرنا عدالتی احکامات کی خلاف وزی ہے ۔