پنجاب حکومت اور اٹلی کے درمیان باہمی تجارت کے 6 منصوبوں پر دستخط
لاہور (کامرس رپورٹر ) صوبائی وزیرخزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ پنجاب سرمایہ کاروں کی جنت بن رہا ہے، غیرملکی سرمایہ کار اپنا سو فی صد منافع اپنے ساتھ لے جا سکتے ہیں جبکہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولیات دی جا رہی ہیں۔ گزشتہ روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں پاکستان اور اٹلی کے سرمایہ کاروں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی تجارت و سر مایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے چھ معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔لاہور وفد کی سربراہی نائب وزیر ایوان سکالفروٹونے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ اقتصادی راہداری پاکستان کی تقدیر بدلنے والا منصوبہ ہے، ملکی و غیرملکی سرمایہ کاراس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاروں کی جنت بن رہا ہے،غیرملکی سرمایہ کار اپنا سو فی صد منافع ساتھ لے جا سکتے ہیں، غیرملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہے۔ اٹلی کے نائب وزیرایوان سکالفروٹو نے کہا کہ پاکستان انتہائی پرامن ملک ہے لوگ انتہائی ملنسار ہیں، انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی قسمت تبدیل کرنے جا رہا ہے۔