ڈی سی اوز کانفرنس، چیف سیکرٹری کا جعلی ادویات کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم
لاہور(این این آئی ) چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن(ریٹائرڈ) زاہد سعید نے ہدایت کی ہے کہ صوبہ میں جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن بھرپور طریقے سے جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں، ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں ادویات، بنیادی سہولیات اور صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے، اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈی سی او ز صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ہسپتالوں کے باقاعدگی سے دورے کریں ۔سول سیکرٹریٹ میں5گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ڈی سی اوز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کو پرکشش تنخواہ اور مراعات دی جارہی ہیں تاکہ وہ زیادہ محنت اور جذبے سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ربیع الاول کے موقع پر سیکیور ٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں اورپارکوں ، عبادت گاہوں اور پبلک مقامات کی سیکیورٹی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور سیٹیزن فیڈ بیک ماڈل کا وہ خود ماہانہ بنیادوں پر جائزہ لیں گے اور ریونیو کے معاملات اور ڈومیسائل کے اجراء میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں ، ان کے مسائل کے حل کے لئے تمام محکمے اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب سے مکمل تعاون کریں اورزیر التوا کیسسز کوجلد از جلد نمٹایا جائے۔ سیکرٹری داخلہ نے کانفرنس کو امن وامان کی صورتحال بارے تفصیلی بریفنگ دی اور سیکیورٹی اقدامات سے متعلق ہدایات جاری کیں۔کانفرنس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، بلدیات، صحت اور منصوبہ بندی وترقیات کے محکموں کے سیکریٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔