’’ٹائم میگزین ‘‘ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو سال کی متاثر کن شخصیت قرار دے دیا

’’ٹائم میگزین ‘‘ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو سال کی متاثر کن شخصیت قرار دے دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو مشہور امریکی ’’ٹائم میگزین ‘‘ نے سال کی سب سے اہم شخصیت قرار دے دیا ، ٹرمپ نے ٹائم میگزین کی جانب سے سال کی اہم شخصیت قرار دیئے جانے کو اپنے لئے بڑا اعزاز قرار د یا ہے۔ ’’ٹائم میگزین ‘‘ نے نو منتخب امریکی ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ کہہ کر سال کی اہم ترین شخصیت قرار دیا ہے کہ اس سال کے دوران ٹرمپ نے اپنا اثر قائم رکھا چاہے وہ منفی اثر تھا یا مثبت۔ٹرمپ کو اس اعزاز کے لئے روسی صدر ولادی میر پوٹن ،ہیلری کلنٹن، ترک صدر رجب طیب اردوگان اورفیس بک کے بانی مارک زکربرگ سمیت 10افراد کے ساتھ نامزد کیا گیا تھا لیکن امریکی صدارتی انتخاب کی طرح ٹرمپ نے یہ ’’مقابلہ ‘‘ بھی جیت لیا۔ ٹائم میگزین کی ایڈیٹر ننسی گبز نے اپنے لکھے جانے والے مضمون میں کہا ہے کہ یہ تعین کرنا مشکل ہے کہ سیاسی میدان کو ٹرمپ کے کس حد تک تہہ و بالا کیا لیکن ہم نے سال کی سب سے اہم شخصیت کے لیے ایک ایسے شخص کو منتخب کیا جو سب سے زیادہ خبروں پر چھایا رہا۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ مقابلہ جیت کرہیلری کلنٹن سمیت دس افراد کو شکست دی جن کے نام اس ایوارڈ کے لیے چنے گئے تھے۔امریکی صدارتی انتخاب کی طرح اس ’’مقابلے ‘‘ میں بھی ہیلری کلنٹن دوسرے نمبر پر رہیں۔ٹائم میگزین کی جانب سے سال کی سب سے زیادہ متاثر کن شخصیت قرار دیئے جانے پر نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی ٹیلی ویڑن سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ ٹائم میگزین کے سرورق پر اس سال کئی مرتبہ میری تصویر شائع ہوئی۔انہوں نے اس کو اپنے لئے ایک اعزاز قرار دیا۔یاد رہے کہ گذشتہ سال یہ اعزاز جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے حصے میں آیا تھا جبکہ ٹرمپ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔واضح رہے کہ بھارتی میڈیا بڑا پر امید تھا کہ ٹائم میگزین کی جانب سے سال کی سب سے متاثر کن شخصیت کا اعزاز وزیر اعظم نریندرا مودی کو ملے گا ،مگر بھارتیوں کی یہ خواہش اس سال بھی پوری نہیں ہو سکی۔

مزید :

علاقائی -