ایشیائی ترقیاتی بینک مواصلات کی ترقی کے منصوبوں کیلئے بروقت تعاون فراہم کریگا:پرویز خٹک

ایشیائی ترقیاتی بینک مواصلات کی ترقی کے منصوبوں کیلئے بروقت تعاون فراہم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے کی تمام سڑکوں کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کے لئے منصوبہ بندی کر چکی ہے اس مقصد کے لئے صوبے کے مغربی علاقوں کو مرکزی حصے کے ساتھ منسلک کیا جائے گا تاکہ پیداواری صلاحیت بڑھانے کے ساتھ معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ایشیائی ترقیاتی بینک مواصلات کی ترقی کے منصوبوں کے لئے بروقت تعاون فراہم کرے گا جو صوبے کی تیز تر معاشی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے سات رکنی وفد سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت بینک کے ڈائریکٹر ژیانگ کر رہی تھیں۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے مواصلات اکبر ایوب، سیکر ٹری مواصلات آصف خان ، ایم ڈی پختونخوا ہائی وے اتھارٹی انجینئر محمد عزیز اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک صوبائی سڑکوں کی بحالی کے منصوبے کے تحت صوبائی حکومت کو تعاون فراہم کرے گا۔بینک 15بلین روپے کی لاگت سے صوبے میں 500کلومیٹر طویل مختلف سڑکوں کی بحالی کا کام سر انجام دے گا۔ اس منصوبے کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک 85%اور صوبائی حکومت 15%سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سڑکوں کی بحالی کے لئے فراہم کرے گی۔بینک کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ فنڈز منصوبوں پر کام شروع ہونے ہونے کے فوراً بعد فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے متفقہ منصوبوں کے لئے قرضوں کی فراہمی تیز کرنے میں بھی دلچسپی لی۔ انہوں نے 500کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر کے لئے مالی تعاون کی فراہمی کے لئے کاروائی تیز کرنی کی یقین دہانی کی۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں کے لئے پہلے ہی تیاری کی ہے کیونکہ ان منصوبوں میں تاخیر قیمتوں میں اضافے کی صورت میں ادا کرنی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کی مرکزی شاہراہوں کو ایک جامع منصوبے کے تحت ایک دوسرے سے منسلک کرنے کی خواہاں ہے تاکہ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کی رفتار میں تیزی آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مواصلات کے منصوبوں میں سست روی برداشت نہیں کر سکتی۔ انہوں نے مواصلات کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنی کی ہدایت کی۔ صوبائی حکومت نے پہلے سے ان منصوبوں کے لئے وسائل مختص کرنے کا عزم کیا ہے جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر مالیاتی وسائل کے طریق کار تیز کرنے کا یقین دلایا۔ وفد نے ضلعی سڑکوں کی تعمیر کے لئے بھی قرضہ فراہم کرنے کی نشاندہی کی۔بینک کے ڈائریکٹر نے توانائی اور دوسرے وسائل سے استفادہ کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کی پیش کش کی۔ انجینئر محمد عزیز، ایم ڈی خیبر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی نے صوبوں میں سڑکوں کی بحالی اور تعمیر کے منصوبے کے خدوخال پر تفصیل سے بریفنگ دی۔
پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے مختلف محکموں کے پاس موجود اراضی کو تجارتی مقاصد کے استعمال کیلئے جامع سمری کابینہ کے سامنے حتمی منظوری کیلئے پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ محکمے اس اراضی کو عوامی فلاحی نقطہ نظر سے بہترین استعمال اور تجارتی سرگرمیوں کیلئے منصوبہ بند ی کرے تاکہ اُ سے صوبے کی مالی حالت کے استحکام کیلئے بروئے کار لاکر صوبے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکے اور اضافی وسائل عوامی فلاح کیلئے فراہم کئے جاسکیں۔وہ آج وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاو رمیں سرکاری اراضی کی کمرشلاائزیشن ، ہائی رائزنگ بلڈنگ کی تعمیر اور صوبے کے مالی پوزیشن کے استحکام کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں سینئر وزیربرائے آبپاشی سکندر شیرپاؤ، وزیرخزانہ مظفر سید، وزیر برائے توانائی محمد عاطف خان، مشیر برائے مواصلات اکبر ایوب، پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر حیدر علی اور انتظامی سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں صوبے کے وسائل بڑھانے اور موجود وسائل کو تجارتی بنیاد پر استعمال کے بارے میں تفصیل سے غور و فکر کی گئی ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس اراضی کو تجارتی بنیادوں پر ترقی دیتے وقت یہ بات سامنے رکھیں کہ قانونی طور پر اس کے استعمال کیلئے طریقہ کار کا بھر پور احاطہ کیا گیا ہو اور اس سلسلے میں نیک نیتی سے کام لیا گیا ہو۔انہوں نے کہاکہ یہ اسلئے ضروری ہے کہ حکومت تجارتی سرگرمیوں سے اضافی وسائل پیدا کرنا چاہتی ہے جو عوام کی فلاح کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری اراضی کے تجارتی مقاصد کے استعمال کو تیز کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ ڈبگری گارڈن میں 20 کنال اراضی میٹرو بس کیلئے ہو گی جہاں کارپارکنگ کے علاوہ تجارتی سرگرمیاں بھی ہوں گی جبکہ دوسری اراضی کو کلیئر کرکے عوامی مفاد کیلئے قانون کے تحت استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا پہیہ رکنا نہیں چاہیئے جبکہ قوانین ترقی کے عمل کو شفاف بناتے ہیں۔ اسلئے کمرشلاائزیشن کیلئے راستہ ڈھونڈننا ہو گا کیونکہ یہ صوبہ وسائل کیلئے دوسروں کا محتاج نہیں رہ سکتا ہے اور اُسے معاشی لحاظ سے مستحکم کرنا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت نے ضلع پشاور میں مختلف کمرشل زونز بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے ۔انہوں نے تجارتی عمارتوں کیلئے سیکورٹی کا بندوبست کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہاکہ ہمیں ماضی کے غلط منصوبہ بندی کو ٹھیک کرنا اور صحیح پلاننگ کے ذریعے وسائل پیدا کرنا ہیں کیونکہ یہ صوبے کے مستقبل کی بات ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ جتنی بھی سرکاری اراضی موجودہے اُس کا ایک مکمل پیکج بنایا جائے اور اس طریقے سے ترقی دی جائے کہ صوبے کے مستقبل کی ضمانت ہو ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ سرکاری ملازمین عوامی فلاح کیلئے اپنے اختیارات استعمال کریں اور حقیقت پسندانہ سوچ کے تحت اُس کو عملی جامع پہنائے۔انہوں نے کہاکہ مختلف محکموں کو وسائل بڑھانے کیلئے اہداف دیئے گئے تھے جو پورے کرنے ہیں کیونکہ اس صوبے نے ترقی کرنی ہے اور اُسے مالی لحاظ سے مضبوط خطوط پر استوار کرنا ہے تاکہ یہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے۔