وزیر اعلیٰ کا مالم جبہ روڈ پر سست روی کا نوٹس ،کام مکمل کرنے کا حکم
پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے مالم جبہ روڈ پر کام کی سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے منصوبے پر کام تیز کرنے اور اسے جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ ہدایات انہوں نے آج وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں مالم جبہ روڈ سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر حیدر علی خان، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان اور سیکرٹری مواصلات آصف خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں مالم جبہ روڈ کی تعمیر سے متعلق مسائل پر تفصیل سے بحث کی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منگلور سے مالم جبہ تک سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا دوبارہ سروے کیا گیا ہے اور اس سڑک کو مزید وسیع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے میں وسعت کی وجہ سے اس کی لاگت 65کروڑ سے 72کروڑ روپے تک بڑھ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس کی راہ حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔