برطانوی ہائی کمیشن کا ’’دی گریٹ ڈیبیٹ کمپیٹشن‘‘اسلام آباد پہنچ گیا

برطانوی ہائی کمیشن کا ’’دی گریٹ ڈیبیٹ کمپیٹشن‘‘اسلام آباد پہنچ گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کے 'دی گریٹ ڈیبیٹ کمپیٹشن' کے سیمی فائنل مقابلے منعقد ہوئے۔تقریب میں چیوننگ اسکالرشپ المنائی، برطانوی ہائی کمیشن کے اعلی عہدیداران اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کی یونیورسٹیوں سے آٹھ طلبا نے مباحثے میں حصہ لیا ۔ ان طلبا نے پاکستان کے مستقبل کی اہمیت کو مدِنظررکھتے ہوئے تعلیم کی اہمیت، کاروبار، صنفی امور، ذرائع ابلاغ اور ٹیکنالوجی جیسے موضوعات سے متعلق مظامین کے حق اور مخالفت میں بحث کی۔ دھواں دار تقریروں کے مقابلے کے بعد ججوں کے فیصلے کے مطابق قائدِ اعظم یونیورسٹی کے سردار جہاں زیب نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور فاطمہ جناح وومین یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والی مریم زاہد دوسری پوزیشن کی حقدار ہوئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر پیٹرک موڈی نے کہا:"مجھے اسلام آباد کی سب سے بڑی یونیورسٹی قائد اعظم یونیورسٹی میں 'دی گریٹ ڈیبیٹ' کا انعقاد دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ نوجونوں کو بحث کے فن پر عبور ضرور ہونا چاہیے۔ اس سے زیادہ اہم یہ ہے کہ نوجوان پاکستان کے مستقبل پر گفتگو کریں جو کہ ان کا اپنا مستقبل ہے۔میں ان نوجوانوں کے خیالات اور صلاحیتوں سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ میں آج کے سیمی فائنل میں اول اور دوم پوزیشن جیتنے والے طلبا کو فائنل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔"قائدِ اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اشرف نے کہا:"نوجوان دماغوں کو عوامی خطابت کا فن سکھانے کے لیے 'دی گریٹ ڈیبیٹ' بہترین موقع ہے۔ یہ انسانی تاریخ کی اہم ترین شخصیات کا مشترکہ فن ہے۔ اس اہم مقابلے کے انعقاد اور قائدِ اعظم یونیورسٹی کو اس مقابلے کی میزبانی کے لیے منتخب کرنے پر میں برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کا شکر گذارہوں۔"آج کے فاتحین 'دی گریٹ ڈیبیٹ ' کے فائنل راؤنڈ میں شامل ہوجائیں گے ۔ فائنل راؤنڈ اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا، جس میں مجموعی طور پر چھ شہروں کے فاتحین کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ مقابلے میں حصہ لینے کی ترغیب بڑھانے کے لیے اس سال 'دی گریٹ ڈیبیٹ' میں اول اور دوم پوزیشن حاصل کرنے والوں کے لیے وظیفہ کی رقم میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔