حق رائے دہی کا استعمال خاص وعام کی قومی ذمہ داری ہے ،فیصل سبزواری
کراچی(اسٹاف رپورٹر) رکن صوبائی اسمبلی سندھ اور سابق صوبائی وزیر سندھ سید فیصل سبزواری نے کہا کہ حق رائے دہی کا استعمال ہر خاص وعام کی قومی ذمہ داری ہے ،پاکستان کی آبادی 20 کروڑ سے زائد ہے جن میں سے محض 8 کروڑ افراد رجسٹرڈ ووٹرز ہیں اور ان میں سے بھی نصف افراد اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہیں جو افسوسناک امرہے ۔ الیکشن کمیشن پاکستان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عام الناس بالخصوص نوجوانوں کے لئے آگاہی مہم کا انعقاد کرے تاکہ ہماری عوام اپنے حق رائے کا بہتر طریقے سے استعمال کرسکیں۔کے پی کے ضلع دیر میں آج بھی خواتین کو ووٹ ڈالنے کا حق حاصل نہیں جو ہماری سیاسی جماعتوں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی ضرورت ہے تاکہ عام افراد نہ صرف رجسٹرڈ ووٹر بن سکیں بلکہ ووٹ کا استعمال بھی کریں۔اکثر انتخابات کے موقع پر میڈیا کی جانب سے سنسنی خیزخبروں کے نشرکرنے کی وجہ سے ووٹرز ووٹ ڈالنے کے لئے گھر سے ہی نہیں نکل پاتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ میں ووٹرز کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر الیکشن کمیشن آف پاکستان ووٹرلسٹ کو نادرہ ڈیٹابیس سے منسلک کردیں اور اس طریقہ کار کو آن لائن بھی کردیں تواس سے ووٹرز ٹرن آؤٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔سیاسی جماعتوں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام الناس کو ووٹ ڈالنے کے لئے کی ترغیب دیں ۔بلدیہ شرقی کے وائس چیئر مین عبدالرؤف نے کہا کہ دسمبر 2015 ء میں منعقدہ بلدیاتی انتخابات کو ایک سال کاعرصہ گزرچکاہے مگر تاحال متعدد چیئرمین ،وائس چیئر مین اور کونسلرز کو دفاتر الاٹ نہیں کئے گئے جو ایک تشویشناک امر ہے۔ہماری سیاسی جماعتیں دعوے تو بہت کرتی ہیں مگر آج بھی پاکستان میں کچھ مقامات ایسے ہیں جہاں عورتوں کو ووٹ ڈالنے کا حق حاصل نہیں جس پر الیکشن کمیشن کو فوری نوٹس لینا چاہیئے۔انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نیشنل ووٹرز ڈے منانے اور عوام الناس میں ووٹ سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے اقدامات کو سراہا۔جامعہ کراچی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کاعملہ سرکاری ملازمین پر مشتمل ہوتاہے جوناکافی ہے۔یہ نہ صرف حکومت بلکہ ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کویقینی بنائیں ،اقوام متحدہ کی جانب سے یونیورسل ڈیکلیئریشن آف ہیومن رائٹس کے مطابق ہر شہری کو ووٹ ڈالنے اور حکومت میں شمولیت کا بنیاد حق حاصل ہے۔مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ پاکستان میں لوگوں کی اکثریت غربت ،سیکورٹی ،معذوری اورالیکشن کے عمل پرعدم اعتماد جیسے مسائل کی وجہ سے ووٹ ڈالنے ہی نہیں جاتی جس کی وجہ سے پاکستان کم ترین ووٹرٹرن آؤٹ رکھنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہے جو افسوسناک امر ہے۔