کسان پیکج ادائیگی میں کسی کی حق تلفی نہیں ہوگی‘ سیکرٹری زراعت
ملتان (سپیشل رپورٹر) سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے کہا ہے کہ کسان پیکج سبز انقلاب کو عملی شکل دینے کے لئے اضافی مدد گار عامل ہے۔ مذکورہ پیکج کسان کے خوابوں میں تعبیر کا رنگ بھر نے کا سبب بھی ہے۔ کسان کو افلاس اور غربت کی دلدل سے نکالنے کے لئے حکومت پنجاب نے ٹھو س اور جوہری اقدامات کئے ہیں، کسان کی تقدیر جگانے کا وقت آگیا ہے۔ وہ کسان تنظیموں کے نمائندوں کے(بقیہ نمبر39صفحہ12پر )
وفد سے ملاقات کررہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ کسان زمین کا سینہ چیر کر ہمارے لئے اجناس پیدا کرتا ہے لیکن یہ کسان جدید وسائل اور سہولتوں سے محروم رہا ہے اور اشرافیہ کسان کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہے ۔بد قسمتی سے اسے اپنی محنت کا معاوضہ نہیں ملتا، اگر ماضی میں کسان کو جدید ذرائع فراہم کئے جاتے تو ملک میں زرعی انقلاب نمودار ہو تا اور کسان معاشی ترقی کی کئی منازل طے کر لیتا لیکن اب ہم ماضی کے اندھیروں میں رہنے کے بجائے اب روشن مستقبل کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ہائی ٹیک سروس سینٹرز کے قیام سے کسان جدید مشینری استعمال کرکے اپنی پیداوار میں کئی گنا اضافہ کرسکے گا ، کسان کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت آگیا ہے۔ کسان پیکج میں حکومت نے اپنے وسائل کسان پر لٹا دئیے ہیں۔