خیبرایجنسی میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر،بارڈر مینجمنٹ ملکی مفاد میں ہے ،کرنل عمر فاروق
خیبر ایجنسی ( بیورورپورٹ) خیبرایجنسی میں سیکیورٹی کی صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے ، بارڈر منیجمنٹ ملکی مفاد میں ہے اس کومذید مؤثر بنایا جائیگا ،لنڈی کوتل کے عوام انتہائی پرامن اور اچھے لوگ ہیں ، امن اور ترقی کا سفر ساتھ ساتھ جاری رکھیں گے، کمانڈنٹ خیبر رائفلز کرنل عمر فاروق کی خیبر ایجنسی کے صحافیوں کے ساتھ گفتگو۔ کمانڈنٹ خیبر رائفلز کرنل عمر فاروق نے بدھ کے روز ایف سی چھاؤنی لنڈی کوتل میں ٹی یو جے خیبر ایجنسی کے صدر قاضی فضل اللہ کی سربراہی میں صحافیوں کے ایک وفد سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن و امان کے قیام کی خاطر سیکیورٹی فورسز کے جوانوں، عمائدین اور مقامی لوگوں نے بیش بہا قربانیاں دیں ہیں انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام محب وطن اور امن پسند ہیں کمانڈنٹ خیبر رائفلز کرنل عمر فاروق نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ہر وقت چوکس رہتی ہیں اور علاقے کا امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیگی انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے خیبر ایجنسی میں مثالی امن قائم ہے اور اس کو برقرار رکھنے کے لئے عوام بھرپور تعاؤن کریں کرنل عمر فاروق نے کہا کہ غربت ، جہالت اور بے روزگاری وہ عوامل ہیں جن کی وجہ سے لوگ انتہا پسندی کی طرف مائل ہو جاتے ہیں اس لئے حکومت اور فورسز کی کوشش ہے کہ قبائلی عوام کو ایسا ماحول فراہم کریں کہ وہ آزاد زندگی گزار کر کے جائز اور قانونی کاروبار کی طرف متوجہ ہوں اور اپنے بچوں کے بہتر اور خوشحال مستقبل کے لئے کام کریں صحافیوں کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی شہری کو چیک پوسٹوں پر بے جا تنگ نہیں کیا جائیگا اور نہ ہی کسی کا جائز اور قانونی کاروبار متاثر ہونے دیا جائیگا انہوں نے یہ بھی کہا کہ بارڈر منیجمنٹ کی بدولت پورے ملک میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اسے مذید مؤثر بنایا جائیگا کرنل عمر فاروق نے کہا کہ وہ متعلقہ اداروں کے سربراہوں اور پولیٹیکل انتظامیہ سے پشاور طورخم شاہراہ پر اوور لوڈنگ اور جمرود میں قائم کانٹوں کی مانیٹرنگ کے لئے بات کرینگے تاکہ سڑک کی حالت خراب نہ ہوانہوں نے کہا کہ قانون اور اختیارات کے دائرے میں رہتے ہوئے وہ صحت اور تعلیم کے اداروں کی بہتری کے لئے کردار ادا کرینگے تاکہ لنڈی کوتل اور جمرود کے لوگوں کو صحت اور تعلیم کی اچھی سہولیات فراہم کی جا سکے انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو اطلاعات کی فراہمی میں تعاؤن کا بھی یقین دلایا ۔۔۔۔۔۔۔