سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی سے فانوس گجر اور عبدالمنعیم خان کی ملاقات

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی سے فانوس گجر اور عبدالمنعیم خان کی ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان ورکرز پارٹی کے چیئرمین فانوس گجر اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سیاحت عبدالمنعیم خان نے بدھ کے روز سپیکر چیمبر میں ایک اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ میں ہزارہ ڈویژن ، ملاکنڈ ڈویژن، چترال اور دیگر پسماندہ شمالی علاقہ جات کو گلگت بلتستان کے ساتھ منسلک کرنے سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عوامی ورکرز پارٹی کے چیئرمین فانوس گجر نے مغربی روٹ کی تعمیر کے حوالے سے صوبے کے حقوق کا دفاع کرنے پر سپیکر اسد قیصر کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ورکرز پارٹی مغربی روٹ کی تعمیر سمیت صوبے کے حقوق کے حصول کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے موقف کی بھر پور تائید کرتی ہے۔ انہوں نے سپیکر اسد قیصر کو اپنی پارٹی کی جانب سے حکومتی کوششوں کی مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ۔فانوس گجر نے مغربی روٹ میں ہزارہ ڈویژن ، ملاکنڈ ڈویژن ، چترال اور گلگت بلتستان کے درمیان زمینی رابطوں کے لئے 15 ٹنل منصوبے میں شامل کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹنل کی تعمیر پر شاہراہوں سے نہ صرف کم لاگت آئے گی بلکہ ان علاقوں کے درمیان فاصلے بھی گھٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقے انتہائی پسماندہ ہیں اور سیاحت کے لئے بے حد پرکشش ہیں۔ ٹنلوں کی تعمیر سے سیاحت کے فروغ میں بھرپور مدد ملے گی جس سے علاقے کے عوام کی قسمت بدل جائے گی۔ سپیکر اسد قیصر نے عوامی ورکرز پارٹی کے چیئرمین فانوس گجر کا مغربی روٹ کے حوالے سے حکومتی موقف کی حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ مغربی روٹ خیبرپختونخوا کے عوام کی تقدیر بدلنے کا اہم منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی روٹ میں خیبر پختونخوا کے حقوق کے لئے پاکستان تحریک انصاف نے صوبائی سطح پر عوامی آگہی کی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیاہے اور اس سلسلے میں زیدہ صوابی سے ایک عظیم الشان جلسے کے ذریعے آغاز کیا جائے گا جس میں وزیراعلیٰ اورصوبائی وزراء سمیت پارٹی کارکنان اور عوام بھرپور شرکت کریں گے ۔ سپیکر اسدقیصر نے فانوس گجر کو بھی پارٹی ورکرز سمیت جلسے میں شرکت کی دعوت دی ۔انہوں نے کہا کہ وہ صوبے کے حقوق کے حصول کے لئے دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔سپیکر نے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سیاحت عبدالمنعیم خان کو ملاکنڈ ڈویژن میں مغربی روٹ کے حوالے سے عوامی آگہی کی تحریک چلانے اور اس سلسلے میں شانگلہ میں عظیم الشان جلسہ منعقد کرانے کے حوالے سے اقدامات کرنے کا ٹاسک بھی حوالے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے نام نہاد مفاد پرست سیاستدان جن کی حقیقت عوام پر عیاں ہوچکی ہے وہ مغربی روٹ کے منصوبے کو ذاتی مفاد اور مخصوص علاقوں تک محدود کرنے کی جو مزموم کوشش کررہے ہیں پاکستان تحریک انصاف اپنے اتحادیوں اور عوام کے تعاون سے اسے ناکام بنادیں گے۔