خیبرپختونخوا میں 8پل اور 2آبپاشی کے چینلز تعمیر کئے:یو این او پی ایس
پشاور( سٹاف رپورٹر)اقوام متحدہ کے دفتر برائے پراجیکٹ سروسز (UNOPS)نے2015-16کے دوران خیبر پختونخوامیں 8پل اور دو آبپاشی کے چینلزتعمیر کئے ہیں جن پر 2.9ملین امریکی ڈالر لاگت آئی ہے ۔اس وقت مذکورہ پلوں سے پچاس ہزار سے زائد افراد استفادہ کر رہے ہیں جبکہ ایریگیشن چینلز سے بنجر اور نقصان زدہ زرعی اراضی کو بحال کرنے میں مدد ملی ہے جن سے 14دیہات کے لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔جب 2010 میں تاریخ کے بد ترین سیلاب سے مکانات ،سڑکیں اور پل پانی میں بہہ گئے اور ہسپتالوں اور سکولوں کی سہولیات سے لوگوں کی رسائی منقطع ہو گئی اور ہزاروں افراد جاں بحق ہو گئے اور سیلاب کے نتیجے میں انفرا سٹرکچر کی تباہی سے صوبہ خیبر پختونخوامیں ضروری سہولیات تک رسائی انتہائی محدود ہو گئی تو خیبر پختونخوا میں دیہات کے مکینوں کو نقل و حمل کے پائیدار ذرائع کی فراہمی اور ان کی اراضی تک رسائی کے لئے محفوظ ذرائع کی فراہمی کے لئے پلوں اور آبپاشی کی نہروں کی تعمیر نو کے ذریعے مقامی معیشت کی بحالی کے لئے خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کی امداد کیلئے سعودی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ سے یو این او پی ایس کو2.9ملین امریکی ڈالر کی رقم موصول ہوئی ۔پراجیکٹ کو آٹھ پلوں اور ایریگیشن چینلز کی تعمیر کی ذمہ داری سونپی گئی ،پلوں کا تعمیراتی کام اگست2014میں شروع کیا گیا جس کو جون 2016میں کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔UNOPS نے مقامی لوگوں کے ساتھ موضع پنکیا کالام میں کامیابی سے مکمل کئے گئے پلوں میں سے ایک پل کا افتتاح کیا۔یہ پراجیکٹ کالام کے مکینوں کیلئے خاص خوشی اور مسرت کا باعث ہے ۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی جعفر شاہ نے کہا کہ اس پراجیکٹ کیلئے بڑی فیاضی سے امداد دینے پرپوری مقامی آبادی سعودی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ کی شکر گزار ہے ۔انہوں نے UNOPSکی کاوشوں کو سراہا اور امیدظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔