بوگس میٹر ریڈنگ پر میپکو اتھارٹی کا ایکشن ‘ 10 ایس ڈی او برطرف

بوگس میٹر ریڈنگ پر میپکو اتھارٹی کا ایکشن ‘ 10 ایس ڈی او برطرف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان (سٹاف رپورٹر) میپکو اتھارٹی نے بوگس میٹر ریڈنگ پر سخت ایکشن لے لیا‘10 ایس ڈی اوز کو برطرف کر دیا‘تفیصل کے مطابق میپکو اتھارٹی نے صارفین کے بلوں پر بوگس ریڈنگ کی تصاویر شائع کرنے کا الزام ثابت ہونے پر 10سب ڈویژنل افسران کو ملازمت سے برخاست کردیاہے ۔ ان ایس ڈی اوز کو چند ماہ پہلے انہی الزامات کی بنیاد پر معطل کرکے انکوائری شروع کی گئی تھی اور انہیں میپکو ہیڈ کوارٹر اٹیچ کیاگیا تھا ۔ انکوائری رپورٹ میں الزامات ثابت ہونے پر انہیں ملازمت سے برخاست کیاگیا(بقیہ نمبر33صفحہ7پر )
ہے ۔چیف انجینئر پلاننگ اینڈ انجینئرنگ (پی اینڈ ای ) میپکو کیپٹن (ر)سرفرازاحمد خان نے محکمانہ کیسز کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان واپڈا یمپلائز ای اینڈ ڈی رولز 1978 ؁ء کے تحت کارروائی کی ان افسران میں سابق ایس ڈی اوفتح پور سب ڈویژن محمد شہزاد بشیر،ایس ڈی او سنانواں سب ڈویژن محمد سلیم خان، ایس ڈی اوسیکنڈ سب ڈویژن کوٹ ادو رحمت اللہ، ایس ڈی او شاہ جمال سب ڈویژن منظور حسین سرانی،ایس ڈی او کروڑلعل عیسن سب ڈویژن محمد سلیم اقبال، قائمقام ایس ڈی او قصبہ گجرات سب ڈویژن محمد اظہر جمال، ایس ڈی او چوک سرورشہید سب ڈویژن خان محمد، ایس ڈی او چوک اعظم سب ڈویژن انواراحمد خان، ایس ڈی او خان گڑھ سب ڈویژن محمد مظفرامین اور ایس ڈی او فرسٹ سب ڈویژن کوٹ ادو عبدالواحد شامل ہیں ۔اس سے قبل انہی الزامات کی بنیاد پرایک ایگزیکٹو انجینئر کو بھی سزادی جاچکی ہے جس میں ایکسین کوٹ ادو ڈویژن سردارخان کو محکمہ سے جبری ریٹائر کیاگیاہے.