آسٹریلیامیں مقیم پاکستانی نژاد بیوہ خاتون اور اس کے بچے کو جائیدادکا قبضہ مل گیا
لاہور (سپیشل رپورٹر)اوورسیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی )پنجاب کی مسلسل کاوشوں سے آسٹریلیامیں مقیم پاکستانی نثراد بیوہ خاتون اور اس کے یتیم بچے کو 16 سال بعد وراثتی جائیدادکا قبضہ واپس مل گیاہے۔کروڑوں روپے مالیت کی اس جائیداد پر بچے کے تایا نے 2000 سے ناجائز قبضہ کر رکھا تھا۔ وائس چیئرپرسن اوپی سی شاہین خالد بٹ نے اس ضمن میں بتایا کہ ایڈیلیڈ، آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی خاتون ہادیہ کامران نے شکایت درج کرائی کہ 2000 میں اس کے خاوند کے انتقال کے بعد اس کے جیٹھ نے کمالیہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ان کی وراثتی رہائشی ،زرعی اور کمرشل جائیداد پر قبضہ کرلیا مزید براں وہ اس جائیداد کا کرایہ بھی وصول کرتا رہا جس سے اصل مالکان کو ایک پائی بھی ادا نہیں کی گئی۔شاہین خالد بٹ نے بتایا کہ او پی سی نے یہ معاملہ ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی کو ریفر کیا اور اوپی سی اور ڈسٹرکٹ کمیٹی کی مسلسل جدوجہد سے خاتون اور اس کے یتیم بچے کو 16 سا ل بعد ان کی وراثتی جائیداد کا قبضہ واپس دلوادیاگیا۔وائس چیئرپرسن نے بتایا کہ او پی سی سمندرپارمقیم پاکستانیوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے بھرپور کردار ادا کررہاہے اور ابتک ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کئے جاچکے ہیں۔
آسٹریلیا