دنیا کی انوکھی ترین خبر، معروف اداکارہ کے ہونے والے بچے نے دنیا میں آنے سے پہلے ہی اس کے خلاف مقدمہ دائر کردیا

دنیا کی انوکھی ترین خبر، معروف اداکارہ کے ہونے والے بچے نے دنیا میں آنے سے ...
دنیا کی انوکھی ترین خبر، معروف اداکارہ کے ہونے والے بچے نے دنیا میں آنے سے پہلے ہی اس کے خلاف مقدمہ دائر کردیا

  

نیویارک (نیوز ڈیسک) تاریخ میں پہلی بار کسی بچے نے دنیا میں آنے سے قبل ہی اپنی ماں کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ہے،جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ماں اپنے بچے کو دنیا میں آنے سے روک رہی ہے۔ یہ حیرت انگیز واقعہ امریکہ میں پیش آیا ہے اور جس خاتون کے خلاف اس کے بچے نے پیدا ہونے سے پہلے ہی مقدمہ دائر کیا ہے وہ ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ صوفیہ ورگارا ہیں۔ 

فوکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق صوفیہ اور ان کے خاوند نک لوب نے 2013ء میں ٹیسٹ ٹیوب ٹیکنالوجی کے ذریعے بچہ پیدا کرنے کا منصوبہ بنایا اور اس مقصد کے لئے اپنے ایمبریو کیلیفورنیا کے ایک فرٹیلٹی سنٹر میں رکھوائے۔ انہوں نے یہ ایمبریو منجمد کروادئیے تاکہ مناسب وقت پر بچے کی پیدائش عمل میں لائی جاسکے، تاہم بعدازاں ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔ معاہدے کے مطابق ایمبریو سے بچہ پیدا کرنے کے لئے دونوں فریقین کی رضامندی ضروری تھی تاہم اس میں یہ واضح نہیں کیا گیا تھا کہ علیحدگی کی صورت میں کیا ہوگا۔ صوفیہ اور لوب کی علیحدگی کے بعد منجمد کئے گئے ایمبریو ز سے بچے کی پیدائش کا عمل کھٹائی میں پڑگیا۔

اب ریاست لوئزیانا کی عدالت میں صوفیہ کے خلاف ایک مقدمہ دائر کردیا گیا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ ایمبریو ’’ایما‘‘ اور ایمبریو ’’ایزا بیلا‘‘ کی پیدائش کی راہ میں رکاوٹ ہیں لہٰذا عدالت حکم جاری کرے کہ اداکارہ کی اجازت کے بغیر ہی اس کے دونوں ایمبریوز سے بچے پیدا کئے جاسکیں۔ اس مقدمے میں درخواست دہندہ کے طور پر ایمبریو ایما اور ایمبریو ایزابیلا کا نام لکھا گیا ہے، جو اپنی ماں صوفیہ ورگارا کے خلاف درخواست دہندہ ہیں اور ان سے اپنی پیدائش کا حق مانگ رہے ہیں۔

درخواست دہندہ ایمبریوز کے نام پر موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کے لئے پہلے ہی ریاست لوئزیانا میں ایک ٹرسٹ قائم کیا جاچکا ہے لہٰذا عدالت حکم جاری کرے کہ انہیں پیدائش کا حق دیا جائے تاکہ وہ اس ٹرسٹ کے مالک بن سکیں۔ یہ ٹرسٹ دونوں ایمبریوز کی پیدائش کے بعد ان کے لئے ہیلتھ کیئر، تعلیم اور دیگر ضروریات فراہم کرنے کے لئے قائم کیا گیا۔ دونوں ایمبریوز کیلیفورنیا کے ایک فرٹیلٹی سنٹر میں محفوظ ہیں اور فی الحال یہ واضح نہیں کہ عدالت اپنی نوعیت کے اس منفرد اور پہلے مقدمے کا کیا فیصلہ سنائے گی۔

مزید :

تفریح -