غیر مسلموں کے اسلام قبول کرنے پرعمر کی پابندی قرآن وسنت کے اصولوں کے خلاف ،سندھ کے حکمران اپنی عاقبت کی فکر کریں : ابو الخیر محمد زبیر
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ اور ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیرنے کہاہے کہ سندھ کے حکمران اپنی عاقبت کی فکر کریں ،غیر مسلموں کے اسلام قبول کرنے پرعمر کی پابندی قرآن وسنت کے اصولوں کے خلاف ہے،حکمران تاریخ اسلام اٹھاکر دیکھیں حضرت علیؓ سمیت متعدد صحابہ ء کرام نے کمسنی میں اسلام قبول کیااور حضوراکرم ﷺ نے ان کو اپنے دامن میں جگہ دی ۔
کراچی میں ’’نظام مصطفی کانفرنس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ ابو الخیر زبیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک اسلامی نظریاتی مملکت ہے، جہاں کا آئین کہتاہے کہ ملک میں قرآن وسنت کے منافی کوئی قانون نہیں بن سکتالیکن حکمران ٹولہ قرآن وسنت سے روگردانی کے ساتھ ساتھ ملک کے آئین کی خلاف ورزی بھی کررہاہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل غیر اسلامی اور متنازعہ قانون سازی پر خاموش نہیں بیٹھے گی، دیگر مذہبی جماعتوں سے مل کر احتجاجی تحریک چلانے پر غورکررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے اسلاف نے اس لئے نہیں بنایاتھاکہ حکمران طبقہ اپنی من مانیاں کرتارہے، ملک کی اکثریت کو بنیادی سہولیات تک میسرنہیں ہے، لیکن سندھ کے حکمرانوں کو بے جا قانون سازی کی پڑی ہوئی ہے، سندھ اسمبلی میں جس طرح محض سات منٹوں میں اقلیتی بل منظورہواہے اس سے دال میں کچھ کالامحسوس ہوتاہے اور صاف پتہ چلتاہے کہ بیرونی ایجنڈے پر آنکھ بندکرکے تمام اراکین اسمبلی نے ایک ایسے متنازعہ اور غیر اسلامی بل کو پاس کیاہے جس کو سات منٹوں میں پڑھنابھی مشکل ہے۔