وزات قومی صحت ISO-9001-2015 حاصل کرنیوالی پہلی وزارت بن گئی

وزات قومی صحت ISO-9001-2015 حاصل کرنیوالی پہلی وزارت بن گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(پ ر)اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے عالمی معیار کو متعین اور اس کی تصدیق کرنے والے ادارے ISO نے یہاں ہونے والی ایک تقریب میں وزارت قومی صحت کی خدمات، ضوابط اور رابطہ کاری کو ISO-9001-2015 کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ۔ اس سلسلے میں منعقدہ ایک پرُوقار تقریب میں ISO کی جانب سے وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کو ISO سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا۔ تقریب میں وزارت قومی صحت کے اعلی افسران اور ملازمین موجود تھے۔ اس موقع پر 38 افسران جن کو خصوصی طور پر ISO کی جانب سے تربیت دی گئی میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ یہ یقیناًایک اہم سنگ میل ہے اور انہیں بجا طور پر اس بات پر فخر ہے کہ مسلسل محنت او ر کوشش کے ذریعے وزارت قومی صحت میں اصلاحات کا ایجنڈا جس کا آغاز 2013 میں کیا گیا تھا اس کی عالمی سطح پر ستائش کی گئی ہے اور عالمی معیار متعین کرنے والے ادارے ISO نے نظام کی بہتری اور اس کے بین الاقوامی معیار پر ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس سے صحت کے شعبے میں کام کرنے والے ماہرین اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ اور امید کی جاتی ہے کہ دیگر محکمے بھی اس -9001-2015 ISO کے حصول کے لیے کوشش کریں گے اور اس سلسلے میں نظام میں بہتری لائی جائے گی۔ وزیر صحت نے یاد دلایا کہ 2015 میں پاکستان میں ویکسین کے نظام کو عالمی سطح پر استوار کیا گیا اور اس سال کے شروع میں ا س کے لیے ISO سرٹیفکیشن حاصل کی گئی۔ جس کی تعریف عالمی ادارہ گاؤی کے اعلیٰ سطحی مشن نے کی۔اس مو قع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری قومی صحت محمد ایوب شیخ نے بتایا کہ ISO سرٹیفکیشن حاصل کرنے کی کوششیں گذشتہ ڈیڑھ سال سے جاری تھیں اور اس حوالے سے ہم نے منیجمنٹ کے نظام اور شفافیت میں بہتری لائی۔ انہوں نے کہا کہ اس معیار کے تحت وزارت کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر اسد حفیظ نے بتایا کہ ISO کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ایک خصوصی سیل قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2015 میں USAID کی مدد سے ISO-9001-2015 کے معیار کے حصول کے لیے کوششیں شروع کی گئی اور ایک قلیل عرصے میں ہم یہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔