عراق میں داعش کے دوبارہ سر اٹھانے پر تشویش
بغداد (اے پی پی) داعش دہشتگرد گروہ پر عراق کی مکمل کامیابی کے اعلان کی دوسری سالگرہ میں صرف 2 روز باقی رہ گئے۔ عراقی حکومت نے 10دسمبر2017 میں داعش دہشتگرد گروہ کے غاصبانہ قبضے سے اس ملک کی مکمل آزادی کا اعلان کیا تھا۔عراق کی رضاکار فورس الحشدالشعبی کی جانب سے ملک میں داعش کا فتنہ پھر سے سر اٹھانے کے بارے میں انتباہ دیئے جانے کے بعد عراقی کردستان ریجن کے سربراہ نیچروان بارزانی نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ کرکوک اور گرمیان علاقوں میں حالیہ چند مہینوں کے دوران ہونے والے دہشتگرد اقدامات اور خانقین میں پیشمرگہ فورسز پر داعش کے حملے نے ثابت کردیا ہے کہ داعش دہشتگرد ابھی ختم نہیں ہوئے ہیں۔درایں اثناء عراق کی مشترکہ آپریشنل کمانڈ کے ترجمان تحسین الخفاجی نے کہا ہے کہ داعش دہشتگرد گروہ کے عناصر نے عراق کے موجودہ حالات سے ناجائز فائدہ اٹھانے اور اس ملک کی سکیورٹی کی صورت حال کو درہم برہم کرنے کی کوشش کی ہے۔