پاکستان میں زیادہ تر خواتین واٹس ایپ استعمال کرتی ہیں یا مرد؟حیران کن جواب سامنے آگیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)نت نئی ٹیکنالوجی اورموبائل فونز نے جہاں لوگوں کی زندگیوں کو بدل کررکھ دیا ہے وہیں پیغام رسانی کیلئے استعمال ہونے ولی ایپس نے بھی اپنی جگہ بنا لی ہے۔کون ہوگا جس کے سمارٹ فون میں واٹس ایپ موجود نہ ہو۔اب سوال یہ ہے کہ کیا مردواٹس ایپ زیادہ استعمال کرتے ہیں یا خواتین زیادہ استعمال کرتی ہیں۔اس کا جواب ہے مرد۔!
اس سوال کا جواب جاننے کیلئے گیلانی ریسرچ فاونڈیشن (گیلپ)کی جانب سے ایک سروے کیا گیا جس میں مختلف سوال کئے گئے۔سروے میں پہلا سوال یہ کیاگیا کہ کیا آپ واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں جس پر39فیصد نے ہاں میں جبکہ 56فیصد نے نہ میں جواب دیا۔5فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔
سروے کے مطابق شہروں میں واٹس ایپ کااستعمال دیہی علاقوں کی نسبت 14فیصد زیادہ ہے۔دیہات میں جن لوگوں سے واٹس ایپ کے استعمال کا پوچھا گیا ان میں سے چونتیس فیصد نے کہا وہ استعمال کرتے ہیں، چھپن فیصد نے کہاوہ استعمال نہیں کرتے جبکہ صرف چھ فیصد نے جواب نہیں دیا۔اسی طرح شہری علاقوں میں جن سے واٹس ایپ کے استعمال کا پوچھا گیاان میں سے 48فیصد نے ہاںمیں جواب دیا جبکہ 49فیصد نے کہا وہ واٹس ایپ استعمال نہیں کرتے جبکہ تین فیصد نے جواب نہیں دیا۔
سروے کے مطابق تیس سال سے کم عمر نوجوانوں میں سے 46فیصد، بیس سے پچاس سال کے درمیان والی عمر کے لوگوں میں سے 36فیصد جبکہ پچاس سال سے زیادہ عمر کے آٹھ فیصد افرادواٹس ایپ استعمال کرتے ہیں۔خواتین اور مردوں میں واٹس ایپ کے استعمال کی شرح معلوم کرنے کیلئے کئے گئے سروے کے دوران انکشاف ہوا کہ 59فیصد مرد واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں جبکہ خواتین میں یہ تعداد صرف پچیس فیصد ہے،یعنی پچیس فیصد خواتین نے بتایا کہ وہ واٹس ایپ استعمال کرتی ہیں۔