بورے والا، کوڑا کرکٹ اور فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی کے باوجود ڈمپنگ پوائنٹ سے نکلنے والے دھویں نے مکینوں کا جینا محال کردیا
بورےوالا(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت کی جانب سے سموگ کے تدارک کے لیے پلاسٹک ، کوڑا کرکٹ اور فصلات کی باقیات کو جلانے کے خلاف صوبہ بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ ہونے کے باوجود فوارہ چوک ریلوے کراسنگ کے ساتھ موجود کوڑا کرکٹ کے ڈمپنگ پوائنٹ سے نکلنے والے زہریلے دھویں نے علاقہ مکینوں کا سانس لینا دشوار کر دیا ہے ۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ دھویں کی وجہ سے سانس لینا محال ہوچکا ہے اور یہ دھواں کئی بیماریوں کو جنم دے رہا ہے ۔اہل علاقہ نے ایڈمنسٹریٹر بورےوالا رانا اورنگ زیب اور چیف آفیسر بلدیہ راو محمد علی سے اپیل کی ہے کہ اس زہریلے دھویں سے انکو چھٹکارہ دلایا جائے ۔بتایاگیا ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے پورے علاقے سے اکٹھا کیا گیا کوڑا یہاں ڈمپنگ پوائنٹ پر لا کر ضائع کیا جاتا ہے ۔