” اسلام آباد جادو ٹونے کی گرفت میں ہے “
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن )اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اس وقت لندن میں اپنے بھائی اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے علاج کے سلسلے میں موجود ہیں جہاں وہ اپنے بھائی کا خیال بھی رکھ رہے ہیں اور ساتھ ساتھ سیاسی مصروفیات کو بھی انجام دے رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے پارٹی کی سینئر قیادت کا لندن میں اجلاس بھی بلایا جہاں ان کی ایک ریسٹورنٹ میں جمع ہو کر گفتگو کرنے کی ویڈیو بھی وائرل ہو گئی ہے ۔شہبازشریف نے میڈیا سے مختصر گفتگو بھی کی جس دوران صحافی نے سوال کیا کہ ” 2020 الیکشن کا سال ہے ، آپ کا نام بھی لیا جارہاہے کہ آپ اگلے وزیراعظم بھی ہو سکتے ہیں ؟“ شہبازشریف نے سوال سننے کے بعد جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو یہ خبر کس نے دی ہے ؟جس پر صحافی نے کہا کہ ” یہ اسلام آباد کی فضاﺅں میں ہے “ ۔شہبازشریف نے کہا کہ ” اسلام آباد کی فضاﺅں میں بے شمار چیزیں اور بھی چلتی ہیں تو ان کی بات نہ کریں ، اسلام آباد میں تو اب جادو ٹونے کی گرفت میں ہے ۔“ شہبازشریف نے کہ آپ کو نہیں معلوم؟ جس پر صحافی نے جواب دیا کہ جی بالکل پتا ہے ۔“