سپریم کورٹ : حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری ، مفرور ملزمان کی جائیداد ضبطگی کی تفصیلات طلب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ نے حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری کردیااور سلیمان شہباز سمیت شریک ملزمان کی عدم گرفتاری پر اظہار برہمی کرتے ہوئے جائیداد ضبطگی کی تفصیلات طلب کرلیں۔
سپریم کورٹ میں حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،عدالت نے استفسار کیاکہ ٹرائل کورٹ میں اب تک کتنے مقدمات زیر التوا ہیں؟،ٹرائل کورٹ میں اس کیس کا نمبر کب آئے گا؟بتایا جائے ٹرائل کورٹ میں حمزہ شہبازکے کیس کا کیا نمبر ہے؟۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاکہ ٹرائل کورٹ میں کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ ہو،سپریم کورٹ حکم دے چکی ہے کہ نیب مقدمات کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔
عدالت نے حمزہ شہباز کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کردیااوراحتساب عدالت لاہور میں نیب مقدمات کی تفصیل طلب کرلی، عدالت نے سلیمان شہباز سمیت شریک ملزمان کی عدم گرفتاری پر اظہار برہمی کیا اورسلیمان شہباز سمیت تمام مفرور ملزمان کی جائیداد ضبطگی کی تفصیلات طلب کرلیں۔عدالت نے کہاکہ بتایاجائے مفرور ملزمان کی جائیدادتاحال ضبط کیوں نہیں کی گئی ،عدالت نے جائیداد ضبطگی کی کاررروائی میں تاخیرپر بھی نیب سے جواب مانگ لیا ، حمزہ شہباز کی ضمانت کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی ۔