کراچی پولیس کے ہاتھوں مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت کاواقعہ، اہم پیش رفت سامنے آگئی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے نوجوان کے قتل کا مقدمہ پولیس اہلکار کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس اہلکاروں نے دو روز قبل بورڈ آفس کے قریب ٹیوشن پڑھ کر گھر جانے والے 16 سالہ ارسلان محسود کو پیچھا کرنے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔سپاہی توحید نے اپنے سویلین ساتھی عمیر کے ساتھ مل کر پیچھا کرکے گولی ماری، جس سے ارسلان جان کی بازی ہار گیا جبکہ اُس کا دوست یاسر زخمی ہوگیا۔اورنگی ٹاؤن تھانے کے سپاہی توحید نے ارسلان محسود کو قتل کرکے جھوٹی اطلاع دی کہ مقابلے میں مسلح شخص مارا گیا ہے اور دعویٰ کیا کہ ملزمان کے قبضے سے پستول اور گولیاں ملی ہیں۔تحقیقات میں حقائق سامنے آنے پر سپاہی توحید کے خلاف قتل اور انسدد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس فائرنگ کرنے والے اہلکار کو پہلے ہی حراست میں لے چکی ہے۔