پائلٹ شہید!

پائلٹ شہید!

  

سیاچن میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر جانے سے اس میں سوار پائلٹ اور کو پائلٹ شہید ہو گئے ہیں،ان کے جسد ِ خاکی کو لانے اور حادثے کی تحقیقات کے لئے میدانی علاقے سے ٹیمیں پہنچ گئی ہیں،سیاچن دنیا کا مشکل ترین محاذ ہے جہاں برف ہی برف ہوتی ہے۔اس محاذ پر کئی حادثات ہو چکے، اور ہمارے جوان دفاع وطن کے لئے کئی جانیں قربان کر چکے،دفاعی فرائض انجام دینے والے کئی جانباز اپنے اعضاء سے بھی محروم  ہو چکے ہیں،اس محاذ پر استقامت سے جم کر رہنا، بہت بڑی بہادری ہے اور انہی بہادر جوانوں نے بھارت کی مکاری سے محاذِ جنگ بننے والے ان برفانی پہاڑوں پر خدمات انجام دیں اور دشمن کو آگے بڑھنے سے روکا ہے۔شہید ہونے والے پائلٹ اور کوپائلٹ میجر عرفان پراچہ اور میجر ذیشان جہانزیب فرائض کی ادائیگی ہی کے لئے ان چوٹیوں پر پرواز کر رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا، قوم ان بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے، دُعا ہے کہ اللہ جل شانِ اُن کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عنایت فرمائے۔

مزید :

رائے -اداریہ -