سانحہ سیالکو ٹ اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے،ڈاکٹر مسعود السید گیلانی
لاہور (پ ر)علما و مشائخ کونسل کے مرکزی چیئرمین پیر صاحبزادہ سید ڈاکٹر مسعود السید گیلانی سجادہ نشین منڈیر شریف سیداں نے کہا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔ قرآن حکیم فرماتا ہے کہ جس نے ایک شخص کو ناحق قتل کیا گویا اس نے تمام انسانیت کو قتل کیا۔ ایک شخص کا قتل فتنہ ہے اور فتنہ کفر سے بھی زیادہ بری چیز ہے۔ حضور نبی کریم رحمت اللعامین ہیں آپؐ کی تعلیمات انسانوں سمیت تمام بنی نوع کے لئے سراپا رحمت ہیں۔ اسلام کا مطلب سلامتی ہے اگر کسی نے کوئی قصور کیا ہے تو اسکو قانون کے حوالے کرنا چاہئے اور عدالت میں پیش کرنا چاہئے، اس طرح نہتے شخص کو بلاوجہ قتل کرنا اور لاش کو آگ لگانا جہالت کی انتہا ہے اورشرپسندی ہے۔
اس کی اسلام قطعا اجازت نہیں دیتا۔ کسی کو زندہ جلانے کی سزا تو بڑے سے بڑے مجرم کے لئے بھی جائز نہیں ہے۔ کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ خود ہی عدالت لگائے خود کیس سنے، خود فیصلہ سنائے اور خود ہی سزا دے دے۔ اس مقصد کے لئے عدالتی نظام موجود ہے۔ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے- جب تک ایسے لوگوں کو سخت سزا نہیں ملے گی ایسی حرکتیں بند نہیں ہوں گی۔ یہاں کوئی جنگل کا قانون نہیں ہے۔ یہ معاشرہ انسانوں کا معاشرہ ہے اسلام کسی پر ظلم وستم کی اجازت نہیں دیتا،ایسا کرنیوالے دنیا میں پاکستان اور اسلام کے تشخص کو خراب کررہے ہیں۔