پی ڈی ایم کاعوامی مفادات سے کچھ لینا دینا نہیں، حسان خاور

     پی ڈی ایم کاعوامی مفادات سے کچھ لینا دینا نہیں، حسان خاور

  

لاہور(جنرل رپورٹر)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے کے نعرے پر یقین نہیں رکھتی۔ حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ زیادہ پانی آئے تو یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس کی نکاسی کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ نے بارشوں کے پانی میں کھڑے ہو کر فوٹو سیشن پر زور دیا۔ گذشتہ پچاس سالوں سے گورننس کا ماڈل یہ تھا کہ مسائل پر محض سیاست کی جاتی رہی مگر ان کا حل نہیں نکالا گیا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اس تسلسل کو توڑا اور فلاحی ترقیاتی منصوبے شروع کئے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کی ہدایت پر لاہور میں 9 ایسے مقامات پر رین واٹر سٹوریج ٹینک بنائے جا رہے ہیں جہاں بارشی پانی بہت زیادہ کھڑا ہوتا تھا۔ یہ منصوبے آئندہ سال فروری اور مارچ کے درمیان مکمل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم بھان متی کا کنبہ ہے۔ اسے عوامی مفادات سے کچھ لینا دینا نہیں۔ پی ڈی ایم نے گزشتہ سال بھی نومبر میں اعلان کیا تھا کہ جنوری تک حکومت ختم ہو جائے گی۔ لیکن جنوری گزرے بھی کئی ماہ ہو چکے حکومت بدستور موجود ہے۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی کشتی میں سب نے کئی چھوٹے چھوٹے سوراخ کر رکھے ہیں۔ یہ کشتی ڈوب رہی ہے لیکن اس کشتی کے مسافر اسی بحث میں الجھے ہوئے ہیں کہ کس نے چھوٹا سوراخ کیا کس نے بڑا؟۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے لانگ مارچ کی تاریخ شرمندگی چھپانے کیلئے دی۔ تاریخ پر تاریخ دے کر پی ڈی ایم بھاگنے کا راستہ تلاش کر رہی ہے۔ حسان خاور نے کہا کہ پی ڈی ایم کی 23 مارچ کی لانگ مارچ کی تاریخ کو سنجیدگی سے نہ لیا جائے۔ ان کے پرانے وعدے ہی ان کی سنجیدگی کا ریکارڈ ہیں۔

حسان خاور

مزید :

صفحہ اول -