خاتون اپنڈکس کا درد سمجھ کر ڈاکٹر کے پاس گئی توایسا انکشاف کہ زندگی ہی بدل گئی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی ٹی وی چینل ’آئی ٹی وی‘ کے مارننگ شو میں ایک خاتون فون کالر نے اپنے ساتھ پیش آنے والا ایک ایسا حیران کن واقعہ سنایا ہے کہ لوگوں کے لیے اس کی بات پر یقین کرنا مشکل ہو گیا۔ اس لائیو فون کالر خاتون نے بریک فاسٹ شو کے میزبانوں ہولی اور فلپ شوفیلڈ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک بار حاملہ ہو گئی تھی اور آخری وقت تک اسے پتا نہیں چلا تھا کہ وہ ماں بننے والی ہے۔
نادیا نامی اس خاتون نے بتایا کہ جب اسے درد زہ لاحق ہوا تو وہ سمجھ رہی تھی کہ اسے اپینڈکس کا درد ہو رہا ہے تاہم جب وہ ڈاکٹر کے پاس گئی تو اس نے ٹیسٹ کرنے کے بعد بتایا کہ خاتون کو اپینڈکس نہیں بلکہ وہ ماں بننے والی ہے اور کسی بھی وقت اس کے ہاں بچے کی پیدائش ہو سکتی ہے۔
نادیا کا کہنا تھا کہ ”ڈاکٹر کی بات سن کر مجھے شدید جھٹکا لگا۔ مجھے یقین ہی نہیں آ رہا تھا۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد میرے ہاں ایک بیٹی کی پیدائش ہوگئی جس کے ساتھ میں اس سال پہلا کرسمس منانے جا رہی ہوں۔اس حمل کے دوران مجھ میں حاملہ ہونے کی کوئی ایک علامت بھی ظاہر نہیں ہوئی تھی، جس سے مجھے اس کا علم ہوتا۔“