’موجودہ حکومت سے جان چھڑا کر مزید نیا تجربہ نہیں کر سکتے ‘خواجہ آصف کا ایسا بیان کہ نئی بحث چھڑ جائے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنماخواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ موجودہ حکومت سے جان چھڑا کر مزید نیا تجربہ نہیں کر سکتے ، ان ہاوس حکومت بنانی ہو گی جو الیکشن کروائے ،حتمی فیصلہ عوام کو کرنا ہو گا ،آصف زرداری سینئر سیاستدان اور کاریگر انسان ہیں ،ان کی خواہشات کا اندازہ ہے ،وہ تاریخ میں اپنا نام لکھوانا چاہتے ہیں ، اپوزیشن میں اختلافات نہیں ہونے چاہئیں ،حکومتی پالیسیوں کےخلاف آواز اٹھانی ہو،ہر وقت موسم بہار نہیں رہتا ،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) عمران خان کی سیاست کی وجہ سے کمزور ہوئی،موجوہ حکومت نے جو وعدے کیے ایک بھی نہیں پورا کیا،مذاکرات کون کس سے کررہا ہے اس کے بارے میں کچھ نہیں جانتا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےخواجہ آصف نے کہا کہ موجودہ حکومت پر بےشمارانویسٹمنٹ کرکےمیاں نوازشریف کی حکومت گرائی گئی،ان پر کرپشن کےالزامات لگائے گئے اور جھوٹےکیسز بنائے گئے ،میاں نوازشریف اورانکی پارٹی کوجتنا بھی ڈس کریڈٹ کیاجاسکتاتھاوہ کیاگیاجو کہ بہت بڑی زیادتی تھی اس ملک کےساتھ ،سیاست کےساتھ اورملک کےمستقبل کےساتھ ،عمرچیمہ جوپانامہ پیپرلےکرآئےتھے، اس میں تونوازشریف کانام ہی نہیں تھا،پانامہ اورپنڈورا دونوں میں ہی نوازشریف کانام نہیں تھا، نام ہوتا توبیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل تونہ کیا جاتا،پانامہ میں ساری دنیاکوڈرائی کلینزکردیاگیا،ان کوکسی نےپوچھابھی نہیں، ماٹوہی یہی تھاکہ نوازشریف کوٹارگٹ کرناہےباقی کسی کونہیں کرنا،پانامہ اور پنڈورا لیکس میں سینکڑوں لوگوں کا نام آیا لیکن قصور وار صرف نواز شریف کو ٹھہرایا گیا، ملک کےمعاشی معاملات کو مدنظر رکھتےہوئےحکومت کی پالیسیوں کے خلاف آوازاٹھانی ہو گی،35سال سیاست میں ہو گئےہیں ،ہم پر الزامات لگتے رہتے ہیں ،ہروقت موسم بہارنہیں رہتا ،نواز شریف پارٹی قائدہیں اوروہی پارٹی چلارہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں آصف علی زرداری سے تعلقات کا احترام کرتا ہوں ، ہماری کوئی ڈیل نہیں ، مسلم لیگ ن کا اس حوالے سے بیانیہ واضح ہے ،آصف زرداری کی سیاسی خواہشات کا بخوبی اندازہ ہے، آصف زرداری ثابت کرنا چاہتے ہیں وہ پارٹی کے اصل لیڈر سے بڑے لیڈر ہیں، آصف زرداری چاہتے ہیں کہ ان کا نام بھی تاریخ میں یاد رکھا جائے،آصف زرداری چاہتے ہیں ان کا کاریگر سیاستدان کے طورپر نام لکھا جائے ،اسی تگ و دو میں ایسے بیانات دے رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارےملک میں ہرچیزمیں کرپشن ہےبلکہ کرپشن کےانبارلگ گئےہیں، کرپشن اورمہنگائی مکس ہوگئی ہے،میں کبھی کبھی یہ سوچتاہوں کہ کون سے والا عمران خان اصلی ہے؟وہ کنٹینروالاعمران خان یاآج والاعمران خان کیونکہ کنٹینروالا عمران خان توتبدیلی کاپیامبرتھا،اس نےتوآسمان سےتارےتوڑ کےلانےتھے،خیال تھا کہ عمران خان پاکستان کوبدل دے گا مگر اس نےملک کو تباہ کردیا ہے،موجودہ حکومت کی کرپشن کی وجہ سے عمران خان کمزور ہو چکے ہیں ،وقت ثابت کرے گا نواز شریف کو ہٹانا اورعمران خان کو لانا غلط فیصلہ تھا، چار چھ ماہ میں سب کچھ سامنے آجائے گا۔