فرخ حبیب  نے بلاول بھٹو  زرداری  سے ایسا سوال  پوچھ  لیا کہ  پیپلز  پارٹی  کی  قیادت  سوچ  میں  پڑجائے

فرخ حبیب  نے بلاول بھٹو  زرداری  سے ایسا سوال  پوچھ  لیا کہ  پیپلز  پارٹی  ...
فرخ حبیب  نے بلاول بھٹو  زرداری  سے ایسا سوال  پوچھ  لیا کہ  پیپلز  پارٹی  کی  قیادت  سوچ  میں  پڑجائے
سورس: File Photo

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو آج بلدیاتی نظام میں اصلاحات کی بات کر رہے ہیں تو  الیکٹرانک  ووٹنگ مشین(ای وی ایم) پر کیوں نہیں مشاورت کرتے؟ کرپٹ سیاسی جماعتیں کبھی بھی انتخابی اصلاحات کی بات نہیں کر سکتیں۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے بلاول زرداری کی میڈیا سے گفتگو پر رد عمل دیتے ہوئےکہا کہ  بلاول صاحب یہ کون سا بلدیاتی نظام ہے جس میں کوئی مشاورت ہی نہیں کی گئی؟اس بلدیاتی نظام کو پاس کرانے میں عجلت کیوں برتی گئی؟ پیپلزپارٹی13سال سےسندھ میں بر سر اقتدار ہے، سندھ کے عوام پیپلز پارٹی سے ہر صورت میں نجات چاہتے ہیں، اگر 13سالوں میں سندھ حکومت نے کوئی ایک بڑا کام کیا ہے تو سامنے لائیں،سندھ حکومت کی نااہلی اور ذخیرہ اندوزوں کی پشت پناہی کے باعث سب سے زیادہ مہنگائی کراچی میں ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1100روپے میں جبکہ کراچی میں 1400روپے کا فرخت ہورہا ہے،سندھ میں اربوں کی گندم چوری کرلی جاتی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں، کاغذوں میں سندھ میں اربوں روپے صحت اور تعلیم کے شعبے پرخرچ ہوئے لیکن آج بھی سندھ کے ہسپتالوں میں ایمبولینس نہیں ہیں، سندھ کے عوام کو ٹینکر مافیا، گرانفروشوں اور لینڈ مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جعلی ڈومیسائل پر نوکریوں کا اعزاز بھی پیپلز پارٹی حکومت کو ہی حاصل ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ گرین لائن،سندھ کے پسماندہ علاقوں کی ترقی، نالوں کی صفائی سمیت ہر بڑا کام وفاقی حکومت کر رہی ہے، سندھ حکومت سوائے کرپشن کے کچھ نہیں کررہی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ دونوں نے اپنے اپنے ادوار میں ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹا،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی اور عوام خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہیں ،پیپلز پارٹی دور میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بھی کرپشن کا بازار گرم تھا۔

انہوں نے کہا کہ سماجی تحفظ کے لئے احساس پرگرام کے لئے رواں سال 260 ارب مختص کیے گئے ہیں، احساس کے تحت 34 پروگرام کامیابی سے چل رہے ہیں،  2018ء  کے الیکشن میں عوام نے پاکستان تحریک  انصاف(پی ٹی آئی) کو مینڈیٹ دیا اس کو پورا کرنے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں،وزیر اعظم عمران خان عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -