نیب لاہور کی عثمان بزدار کیخلاف شراب لائسنس کی انکوائری بند کرنے کی سفارش
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)نیب لاہور نے سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کیخلاف شراب لائسنس کے اجراء کی انکوائری بند کرنے کی سفارش کردی،لاہور ہائیکورٹ میں لائسنس کےاجرا ءکی انکوائری بند کرنے کی سفارش کے متعلق رپورٹ پیش کردی گئی،عدالت نے ڈی جی نیب کے جواب کی روشنی میں درخواست نمٹا دی ۔
نجی ٹی وی چینل" 92 نیوز "کے مطابق غیرقانونی شراب لائسنس سے متعلق کیس میں نجی ہوٹل کی جانب سے اعجاز اعوان ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ اعجاز اعوان نے کہاکہ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں لائسنس کے اجرا ءکو قانون کے مطابق قراردیا،3سا ل سے بے مقصد انکوائری جاری ہے، بند کی جائے۔
پراسیکیوٹر نیب نے ریکارڈ عدالت میں پیش کردیا۔ڈی جی نیب نے جواب میں کہاکہ معاملہ چیئرمین نیب کو بھجوا دیا تاکہ وہ اس پر حتمی فیصلہ کریں ،عدالت نے ڈی جی نیب کے جواب کی روشنی میں درخواست نمٹا دی ۔