نیو یارک ٹائمز کے ایک ہزار سے زائد ملازمین نے 40 سال میں پہلی بار ہڑتال کردی
نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے ایک ہزار سے زائد ملازمین نے 40 سال سے زائد عرصے میں اپنی نوعیت کی پہلی صنعتی ہڑتال کی ہے۔
ملازمین کی یونین نے کہا کہ نیو یارک ٹائمز جس کو امریکہ کا "پیپر آف ریکارڈز" بھی کہا جاتا ہے ، کے ملازمین کمپنی کے ساتھ معاہدے کے مذاکرات کے نئے دور پر معاہدہ کرنے میں ناکامی کے بعد 24 گھنٹے تک واک آؤٹ کر گئے۔ انتظامیہ کی جانب سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر اجرتوں میں اضافے سے انکار ہڑتال کا ایک اہم نکتہ تھا۔
یونین نے جمعرات کی صبح ٹویٹ کیا 'نیو یارک ٹائمز کے 1,100 سے زیادہ کارکن اب ہڑتال پر ہیں، جو 4 دہائیوں میں کمپنی میں اس پیمانے کا پہلا قدم ہے۔'
نیویارک ٹائمز کی ترجمان ڈینیئل روڈس ہا نے ایک بیان میں امریکی میڈیا کو بتایا کہ مذاکرات ناکام نہیں ہوئے، یہ مایوس کن ہے کہ جب مذاکرات تعطل کا شکار نہیں ہیں تو ملازمین اس قدر انتہائی اقدام کر رہے ہیں۔